سینئر وزیر پنجاب سے چین کے انجینئرنگ وفد کی ملاقات ،انرجی سیکٹر کے منصوبوں پر بات چیت

ہاکی جیسے قومی کھیل کی بحالی اور بہتری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے: عبدالعلیم خان 

23 سے 30 مارچ تک پاکستان ہاکی سپر لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے ،مکمل تعاون کریں گے 

سینئر وزیر پنجاب سے چین کے انجینئرنگ وفد کی ملاقات ،انرجی سیکٹر کے منصوبوں پر بات چیت 

لاہور۔3 فروری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی اور بہتری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور امسال 23 سے 30 مارچ تک پاکستان ہاکی سپر لیگ کا انعقاد انتہائی خوش آئند امر ہے جسے کامیاب بنانے کیلئے پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ،سینئر وزیر نے منتظمین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہاکی ہماری سوسائٹی کے مڈل اور کامن کلاس کا عوامی کھیل ہے اور قومی کھیل ہونے کے ناطے ہاکی کو ماضی میں جو نمایاں مقام حاصل رہا ہے اسے مزید ترقی ملنی چاہیے ،عبدالعلیم خان نے سپر لیگ میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،وفد کے شرکاء نے بتایا کہ سپر لیگ میں ملک بھر کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ہاکی کے کھلاڑی اور اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے اور انشاء اللہ اسے بھر پور طریقے سے آرگنائز کیا جائے گا، انہوں نے عبدالعلیم خان کو ہاکی سپرلیگ کی سرپرستی کی پیشکش کی اور ان کے تعاون کو سراہا۔
دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے چین سے ا نجینئرنگ کارپوریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے محکمہ توانائی کے وزیر بھی موجود تھے۔ اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ عہد ترقیاتی منصوبوں کے لئے سنہری دور ہو گا کیونکہ اس حکومت میں کسی قسم کی کک بیک یا کمیشن نہیں لی جائے گی اور نہ ہی کوئی انڈر دی ٹیبل ڈیل ہو گی ،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری اور نئے منصوبوں کے وسیع مواقع ہیں اور چین سے اس سلسلے میں تکنیکی معاونت خوش آئند ہے ،ملاقات میں وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے بتایا کہ انرجی سیکٹر میں جاری اور نئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ،چین کے انجینئرنگ کارپوریشن کے وفد نے مختلف منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔







تبصرے