واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی عوامی فلاحی مقاصد کیلئے استعمال ہو گی :سینئر وزیر عبدالعلیم خان

پنجاب بھر میں تجاوزات مہم میں واگزارکرائی گئی سرکاری اراضی کی تفصیلات طلب کر لی گئیں 

 واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی عوامی فلاحی مقاصد کیلئے استعمال ہو گی :سینئر وزیر عبدالعلیم خان 

پنجاب حکومت کا انٹرنیشنل ڈونر اداروں سے بات چیت کا فیصلہ ، عبدالعلیم خان ملاقاتیں کرینگے

لاہور۔4فروری :۔۔( )پنجاب بھر میں حالیہ تجاوزات مہم کے دوران واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی کی تمام تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں اور سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے سیکرٹری بلدیات کو صوبے کی ہر ڈویژن کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان خالی ہونے والی جگہوں کا تعین کر کے انہیں عوامی فلاحی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکے،عبدالعلیم خان نے اس ضمن میں محکمہ بلدیات کو ریونیوڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سفارشات مرتب کرنے کا کہا ہے اور واگزار کرائی گئی اراضی کے بہترین استعمال کیلئے ہر ضلع کے اراکین اسمبلی سے بھی مشاورت کی ہدایت کی ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے اس امر کو یقینی بنائیں کہ کہیں بھی دوبارہ قبضہ نہ ہونے پائے ،انہوں نے کہا کہ واگزار ہونے والی زمین کا ایک ایک انچ عوام کی بہتری کیلئے استعمال میں لائیں گے اور بڑے شہروں میں ہسپتال ، تعلیمی ادارے اور فلاحی منصوبوں کیلئے تیزی سے کام ہوگا ،انہوں نے اس ضمن میں موثر منصوبہ بندی کے بعدحتمی سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوانے کی ہدایت بھی کی ہے ،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے تاریخ کا بڑا آپریشن کرتے ہوئے ریکارڈ اراضی واپس حاصل کی ہے اور اس حوالے سے کسی سے کوئی رعائیت نہیں برتی گئی،سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ واگزار کرائی گئی اراضی کوگوگل سے بھی منسلک کر دیا جائے تاکہ آئندہ کبھی کوئی دوبارہ کسی قسم کی گڑ بڑنہ کر سکے۔
دریں اثناء پنجاب حکومت نے مختلف انٹر نیشنل ڈونر اداروں سے دو طرفہ بات چیت کا فیصلہ کیا ہے جن میں ورلڈ بینک ، ایشین ڈویلپمنٹ بینک،ڈیفڈ اور دیگر ادارے شامل ہیں ،سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان ان ڈونر اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پنجاب کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ان اداروں کو اعتماد میں لیا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو موجودہ حکومت کی ترجیحات اور پنجاب میں اختیار کی گئی پالیسیوں سے آگاہ کیا جائے گا ان ڈونر ایجنسیز سے سوشل سیکٹر ریفارمز ،اربن ایشوز اور دیہی علاقوں کیلئے واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کے منصوبے زیر غور آئیں گے ،سینئر وزیر نے بتایا کہ مختلف ڈونر اداروں سے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس بھی ہو سکتی ہے جن میں ان ایجنسیز کے حکام کو پنجاب کے بڑے منصوبوں کیلئے آن بورڈ لیں گے ،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے عمران خان کی حکومت اور اُن کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں ،پنجاب حکومت ہمہ گیر اور مربوط ترقی کی خواہاں ہے اور انشاء اللہ ٹھوس حکمت عملی اور بھرپور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور آنے والے مہینوں میں پنجاب میں بڑا بریک تھرو ہوگا۔


تبصرے