مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے دوستانہ تعلقات استوار نہیں ہو سکتے :ویڈ یو پیغام

آئندہ نسلوں کو بھی کشمیرکی آزادی کا پیغام دے کر جائینگے :سینئر وزیر عبدالعلیم خان 

مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے دوستانہ تعلقات استوار نہیں ہو سکتے :ویڈ یو پیغام

عمران خان ملکی وقار اور پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلانے کیلئے سرگرم ہیں

لاہور۔5فروری:۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایک ایک بچہ کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گا اور ہم آنے والی نسلوں کو بھی کشمیر کی آزادی کا پیغام دے کر جائیں گے ، یہ کسی مذہب ،رنگ یا نسل کا مسئلہ نہیں بلکہ خالصتاً انسانی حقوق اور شہریوں کا حق خود ارادیت ہے اور اس پیدائشی حق سے کوئی کسی کو محروم نہیں کر سکتا ۔
عبدالعلیم خان نے5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر کا مسئلہ ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر اٹھائیں گے اور دنیا کو اس امر کا احساس دلایا جائے گا کہ بھارت نے جبر واستبداد اور ظلم و بربریت کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اسے اُس پر پسپا ہونا ہوگا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ 21ویں صدی میں جب دنیا بھر میں غلام ملکوں کو آزادی مل چکی ہے خطہ کشمیر میں کیونکر اس بنیاد ی حق کو سلب کیا جا سکتا ہے ؟انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وہ کشمیریوں پر زبردستی اپنا تسلط کبھی نہیں ٹھونس سکتا ، انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک باقی نہیں رہنا چاہیے کہ کشمیرکا بچہ بچہ پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتا ہے ،آج مقبوضہ کشمیر میں ہر شہید ہونے والے کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا جاتا ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے ساری وادی میں گونج رہے ہیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر ہمیں دل و جان سے عزیز ہے جس قدر ہو سکا اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمائیت جاری رکھیں گے لہذا کشمیر کی آزادی تک بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے ،عبدالعلیم خان نے توقع ظاہر کی کہ جس طرح عمران خان ملکی وقار اور پاکستان کو اقوام عالم میں نما یاں مقام دلانے کیلئے سرگرم ہیں اسی طرح کشمیر کی آزادی کا پرچم بھی انہی کے ہاتھوں بلند ہوگا اور انشاء اللہ لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں ثمر آور ہونگی اور مقبوضہ کشمیر بھی پاکستان کا اٹوٹ انگ ثابت ہوگا۔




تبصرے