متعلقہ دستاویزات حکام کو خود پیش کیں : عبدالعلیم خان کا نیب عدالت میں بیان
پریس ریلیز
میری دور وزارت کا ایک بھی آڈٹ پیرا نہیں ، تمام پراپرٹی و اثاثے ڈیکلئیر ہیں
متعلقہ دستاویزات حکام کو خود پیش کیں : عبدالعلیم خان کا نیب عدالت میں بیان
لاہور۔7فروری:۔۔( )عبدالعلیم خان نے آج یہاں نیب عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے خلاف نیب کے پاس کچھ نہیں ،انہوں نے تمام دستاویزات خود حکام کو پیش کی ہیں اور کوئی ایک پراپرٹی یا ایسا ثبوت نہیں جواُن کے خلاف نیب نے مہیا کیا ہو،عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ وہ مسلسل نیب میں پیش ہوتے رہے ہیں ، مانگا گیا تمام ریکارڈبھی مہیا کیا ہے اور آج بھی عدالت میں پیش کیے جانے والے تمام کاغذات انہی کی طرف سے دیے گئے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیب اُن کے خلاف کہیں سے کوئی ثبو ت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور آج بھی انہی کی دی ہوئی دکھائی گئی ہیں ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی انہوں نے یہی کہا تھا کہ جو کاغذات مطلوب ہیں وہ بھی چند دنوں میں مہیا کر دیے جائیں گے ،عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ اُن کی دور وزارت کا ایک آڈٹ پیرا تک نہیں بنا لہذا کسی قسم کی کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے عہدے کا غلط استعمال نہیں کیا ،عبدالعلیم خان نے دعوی کیا کہ اُن کے نام کسی قسم کی کوئی پراپرٹی یا ایسا اثاثہ نہیں جسے انہوں نے باقاعدہ ڈیکلئیر نہ کیا ہو ،متعلقہ اداروں کے پاس تمام کاغذات موجود ہیں اور وہ ہمیشہ عدالتوں اور اداروں کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ 10سال سے زائد کا عرصہ اپوزیشن میں گزار چکے ہیں اگر اُن کے خلاف کوئی ثبو ت ہوتا تو اب تک حقیقت منظر عام پر آ چکی ہوتی ۔
دریں اثناء احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر بارش اور خراب موسم کے باوجود پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے علی الصبح ہی وہاں پہنچ کر عبدالعلیم خان کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی ،2 صوبائی وزراء بھی اظہار یکجہتی کیلئے وہاں پہنچے جبکہ خواتین بھی اس موقع پر موجود تھیں ،بعض پارٹی کارکن جذباتی ہو گئے اور آبدیدہ ہو کر عبدالعلیم خان کی جلد واپسی اور سرخرو ہونے کی دعائیں کرتے نظر آئے ،کارکنوں نے اُن کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور علیم تیری جان نثار اورہاتھوں میں ہاتھ دو علیم خا ن کا ساتھ دو کے نعرے لگاتے رہے ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں