اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ،کسی سے گلہ نہیں ،پارٹی و کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں :عبدالعلیم خان

پریس ریلیز 

اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ،کسی سے گلہ نہیں ،پارٹی و کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں :عبدالعلیم خان 

گورنر ،سپیکر ، وفاقی و صوبائی وزراء اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی عبدالعلیم خان کو مبارکباد 

لاہور ۔ 15مئی: ۔ ۔لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ آج اللہ تعالیٰ نے مجھے سرخرو کیا ہے اور میں پارٹی کارکنوں اور دعائیں کرنے والے ہر شہری کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنے کپتان عمران خان کا ساتھ نئے پاکستان کےلئے کسی لالچ کے بغیر دیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کوئی وزارت یا عہدہ لینا نہیں تھا بلکہ اپنے لیڈر عمران خان کو کامیاب بنانا تھا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ مجھے کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ،ہ میں اللہ تعالیٰ کے ہاں انصاف کی توقع ہے اور انشاء اللہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے ملکی خزانے سے ایک روپے کی بھی کرپشن کی ہو تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے ،اُن کا دامن صاف ہے اور وہ اپنے ملک کی خدمت کےلئے آئندہ بھی مقدور بھر کوششیں کرتے رہیں گے ، ایک سوال پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے اُن کے خلاف کوئی سازش کی بھی ہے تو وہ اس معاملے کو اللہ پر چھوڑتے ہیں ، انہوں نے ضمانت ملنے پر مبارکباد دینے والے پارٹی کارکنوں و شہریوں کا شکریہ ادا کیا ۔ 

دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ،سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی،سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین، وفاقی وزیرغلام سرور خان ،صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت ،کرنل(ر)محمد انور ،سابق اراکین پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی ، ڈاکٹرسہیل ظفر چیمہ ، ڈاکٹر طاہر علی جاوید ، پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد نے عبدالعلیم خان کو لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے پر مبارکباد دی اور اُن کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔




































تبصرے