"سٹیٹس کو"کی حامی قوتیں تبدیلی سے خائف ہیں، قوم عمران خان کے ساتھ ہے:گفتگو

پریس ریلیز

 اپوزیشن کا گٹھ جوڑ صرف ملکی ترقی کا راستہ روکنے کیلئے ہے:سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان 

 "سٹیٹس کو"کی حامی قوتیں تبدیلی سے خائف ہیں، قوم عمران خان کے ساتھ ہے:گفتگو

لاہور۔31جولائی:پنجاب کے سابق سینئر وزیر اورتحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف اور صرف ملکی ترقی کا راستہ روکنے اور عمران خان کیلئے مشکلات پیدا کرنے کیلئے ہے،انہوں نے کہا کہ "سٹیٹس کو"کی حامی قوتیں ملک گیر تبدیلی کے آنے سے خوفزدہ ہیں اور اسی لیے اپوزیشن اپنے ایجنڈے کیلئے مختلف شکلوں میں بیساکھیاں تلاش کر رہی ہے۔
عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کارکنوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ گزشتہ35برسوں میں کونسی جماعتوں نے اقتدار کی باریاں لیں اور آج وہ کن مقاصد کیلئے ایک دوسرے کی ڈھال بنے ہوئے ہیں،سابق سینئر وزیر نے کہا کہ عوام سوال کرتے ہیں ایک دوسرے کی کرپشن بچانا کہاں کی جمہوریت ہے اور اپوزیشن کے پاس کیوں حکومت گرانے کے علاوہ کوئی اور واضح ایجنڈا نہیں؟عبدالعلیم خان نے کہا کہ مانگے تانگے کے مہروں سے موجودہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،مولانا فضل الرحمان اور اُن جیسے عوام کی طرف سے مسترد شدہ لوگوں کا اقتدار میں رہنے کے علاوہ اور کوئی مسئلہ نہیں،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے 22برسوں تک ملک میں جس بہتری اور تبدیلی کیلئے سیاسی جدوجہد کی ہے وہ انشاء اللہ اُس محاذ پر ضرور سرخرو ہوں گے،قوم اُن کے ساتھ ہے اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کتنے طویل عرصے کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہ کچھ وقت ضرور درکار ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کو اس امر پر بھی اعتماد ہے کہ ان کی قیادت نیک نیت اور شفاف ہے جو سرکاری وسائل لوٹ کر بیرون ملک منتقل نہیں کرے گی اور 5سال مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے بیشتر وعدے پورے ہو چکے ہوں گے۔

تبصرے