سینٹرل اور جنوبی پنجاب میں 2سے4جیلوں کو ماڈل بنائیں اور نئی بیرکیں تعمیر کرینگے:سینئر وزیر پنجاب

سینٹرل اور جنوبی پنجاب میں 2سے4جیلوں کو ماڈل بنائیں اور نئی بیرکیں تعمیر کرینگے:سینئر وزیر پنجاب

جیلوں میں کچن،ٹوائلٹ اور روزمرہ کی ضرورتوں کو اپ گریڈ،،پینے کے صاف پانی اور اصلاحات کا فیصلہ

 سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کوٹ لکھپت جیل کا دورہ، ایمرجنسی ہیلتھ سروسز 1122کی فراہمی کا اعلان

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جیلوں میں اصلاحات متعارف کرانے کی خصوصی اجازت لی ہے،قیدیوں کی تکالیف دور کرنا کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،پہلے مرحلے میں سینٹرل اور جنوبی پنجاب میں 2سے4جیلوں کو ماڈل بنائیں گے جہاں نئی بیرکوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر ضروری اپ گریڈیشن کے کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔اس امر کا اظہار انہوں نے کوٹ لکھپت سینٹرل جیل کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں سپیشل سیکرٹری ہوم، آئی جی جیل خانہ جات اور ڈی آئی جی ہیڈ کو آرٹر کے علاوہ سینئر افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے جیلوں میں ایمرجنسی ہیلتھ سروسز 1122کی فراہمی کا اعلان کیا تاکہ قیدیوں کو24گھنٹے کسی بھی نا گہانی صورتحال میں طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں تعمیر شدہ48سیل فنکشنل کرنے اور جیلوں میں گنجائش کے مطابق قیدیوں کی تعداد رکھنے کے لئے بھی فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کی۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کوٹ لکھپت جیل میں فاؤنڈیشن کی جانب سے ہونے والے فلاحی اقدامات کو ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی دیگر جیلوں کو بھی اسی معیار پر لایا جائے گا جہاں قیدیوں کی کھانے پینے،واش رومز، میڈیکل سہولتوں اور رہائشی ماحول کو اپ گریڈ کیا جانا شامل ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر قیدی کو بنیادی انسانی حقوق کے مطابق سہولتیں ملنا چاہئیں۔اسی طرح ذہنی طور پر معذور قیدیوں کی خصوصی نگہداشت کا بندوبست ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں اپ گریڈیشن اور ترقیاتی کاموں کو روائتی طریقہ کار سے ہٹ کر تیز بنانا ہوگا۔سینئر وزیر نے جیل وارڈنز اور دیگر عملے کی بہتری کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سفارش کرنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جیل ہسپتال، واٹر فلٹریشن پلانٹس، کپڑے و ہاتھ دھونے کی جگہ اور دیگر ترقیاتی کاموں میں سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر ورک کی ذاتی دلچسپی کو سراہا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے جیل کے دورے کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہوم اور آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی کہ وہ کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو رول ماڈل بنا کر باقی جیلوں میں اسی طرز پر اپ گریڈیشن کے عمل کا آغاز کریں او ر جہاں رکاوٹ ہو ان کے علم میں لائی جائے۔اس سلسلے میں آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں عملی طور پر فیصلے بھی کیے جائیں گے۔
قبل ازیں جیل کے دورے کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے جیل ہسپتال، کچن، لانڈری،بیرکوں اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں سے سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔سینئر وزیرسے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی جانب سے کروڑوں روپے سے مکمل ہونے والے فلاحی منصوبوں پر اظہار تشکر کیا گیا۔سینئر وزیر کو جیل کے دورے پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ گلدستہ بھی دیا گیا۔ممبر قومی اسمبلی عامر کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











































تبصرے