گندم خریداری کا 45لاکھ ٹن کا ہدف ہر حال میں پورا ہوگا، بین الاضلاعی پابندی نہیں ہوگی
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا پہلا بریفنگ اجلاس
گندم خریداری کا 45لاکھ ٹن کا ہدف ہر حال میں پورا ہوگا، بین الاضلاعی پابندی نہیں ہوگی
بین الصوبائی بارڈر سیل کریں، گندم کی سمگلنگ ہر حال میں روکی جائے:سینئر وزیر کی ہدایت
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ خوراک کا قلمدان سنبھالتے ہی پہلے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں گندم خریداری کے 45لاکھ ٹن کے ہدف کو ہر حال میں پورا کیا جائے،صوبے کے تمام اضلاع میں گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے جبکہ پنجاب کے تمام بارڈر سیل کرتے ہوئے گندم کی سمگلنگ اور صوبے سے باہر جانے کے عمل کو ہر حال میں روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ گندم خریدنے کے ہدف میں اضافہ تو ہو سکتا ہے لیکن کمی ہرگز نہیں اس لیے طے شدہ ٹارگٹ جلد از جلد حاصل کرنا ہوگا اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے پڑے ہوئے سٹاک کو ریلیز کرنے کے عمل کو بھی شروع کیا جائے تاکہ مارکیٹ میں کسی بھی لحاظ سے آٹے کی کمی کی کوئی شکائیت سامنے نہ آئے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار محکمہ خوراک کی بہترین کارکردگی کے خواہاں ہیں اور اس عمل کے لئے ہمیں پہلے دن سے ہی اپنے اہداف سامنے رکھنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایمانداری، محنت اور لگن سے کوئی بھی مقصد حاصل ہو سکتا ہے،موجودہ بین الاقوامی اور ملکی حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور آنے والے دنوں میں خوراک ایک عالمی مسئلہ بن سکتا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دیگر صوبے بھی گندم کے لئے پنجاب کی طرف دیکھتے ہیں، اس معاملے پر بھی مربوط پالیسی پر عمل کریں گے اور ضرورت پڑی تو پنجاب اسمبلی سے آئین سازی بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فروخت کیلئے سرکاری اور مارکیٹ ریٹ میں پائے جانے والے تفاوت کو کم سے کم کیا جائے تاکہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
بریفنگ اجلاس میں سیکرٹری خوراک وقاص علی محمود نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو بتایا کہ کسی روک ٹوک کے بغیر باردانہ دیا گیا ہے اور پنجاب میں گندم کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ بہاولپور،ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں گند م کے سرکاری ذخائر کا آغاز ہو چکا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 45لاکھ ٹن گندم اوپن پالیسی کے تحت خریدی جائے گی جبکہ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر گندم کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے حکومتی ہدایات پر بھرپور عمل کر رہے ہیں۔اجلاس میں محکمہ خوراک کے سینئر افسران نے بھی اپنے اپنے شعبوں پر بریفنگ دی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں