دیگر صوبوں سے گندم خریداری کے معاہدے ہونگے، پہلے پنجاب کی ضرورت پوری کریں گے

جنوبی پنجاب:گندم ترسیل کی شکایات پر سینئر وزیر کا اجلاس، افسران کو 24گھنٹے میں پہنچنے کی ہدایت

 ہر ضلع گندم کا ہدف پورا کرے،آئندہ ہفتے خود بھی جنوبی پنجاب کاد ورہ کروں گا:عبدالعلیم خان

 دیگر صوبوں سے گندم خریداری کے معاہدے ہونگے، پہلے پنجاب کی ضرورت پوری کریں گے

پرائیویٹ خریدار کو گندم اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی،چیف سیکرٹری سے بارڈر سیل کرنے پر مشاورت

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے گندم کی ترسیل و خریداری کی شکایات پر محکمہ خوراک کے سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ 24گھنٹے میں بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں موقع پر پہنچیں اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی شکایات دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم خریداری کے لئے ضلعی انتظامیہ کا کلیدی کردار ہے اور وہ خود بھی آئندہ ہفتے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ گندم کی خریداری اور ترسیل سے متعلقہ امور کا جائزہ لے سکیں۔آج یہاں ویڈیولنک پر ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولنگر، بہاولپور،مظفر گڑھ، لیہ اور گوجرانوالہ کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر ضلع کی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کی تفصیلات بھجوائے اور کہیں بھی کسی قسم کی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب بھر کے کسی بھی ضلع میں گندم کی نقل و حمل پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے، پنجاب اپنا ہدف پورا کرنے کے بعد کسی دوسرے صوبے کو خود گندم مہیا کرے گا۔انہوں نے مختلف اضلاع میں سیڈ کمپنیوں سے متعلق امور کے حل کیلئے بھی محکمہ خوراک کو خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں خصوصی طور پر گندم و آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیے جس کے لئے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو فوری طور پر منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ سینئر وزیر نے بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں سے گندم خریداری مہم کے آغاز کو خوش آئند اور حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے اس توقع پر اظہار کیا کہ انشاء اللہ پنجاب گندم کی خریداری کے 45لاکھ میٹرک ٹن کے ہدف کو با آسانی حاصل کر لے گا جبکہ دیگر صوبوں کے لیے 5لاکھ ٹن اضافی خریداری بھی کی جائے گی۔
قبل ازیں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ایوان وزیر اعلیٰ میں صوبے بھر میں گندم خریداری کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب سے صوبے کے تمام بارڈر سیل کرنے پر مشاورت کی گئی۔سینئر وزیر نے واضح کیا کہ دیگر صوبوں کے ساتھ گندم خریداری کے باقاعدہ تحریری معاہدے ہونگے اور کسی پرائیویٹ خریدار کو پنجاب سے گندم اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر گندم کی خرید کے لئے مربوط پالیسی بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں آٹے کی کبھی بھی قلت نہ ہو۔ سیکرٹری خوراک پنجاب وقاص علی محمود اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔   






               

تبصرے