ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف آرڈیننس خوش آئند ہے،مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی گندم خریداری کے مراکز کی تعداد میں اضافے کی ہدایت

ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف آرڈیننس خوش آئند ہے،مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے

محکمہ خوراک کے افسران گندم خریداری مہم میں چوکس رہیں، کٹوتی پر نگاہ رکھی جائے:گفتگو

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بعض شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں گندم خریداری مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے ان خریداری مراکز کی تعداد کو اس حد تک بڑھائے کہ گندم خریداری مراکز پر کہیں لوگوں کا رش نہ ہو۔اسی طرح کسانوں کے بیٹھنے،پینے کے پانی،سینی ٹائزرو دیگر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے گندم خریداری پر کٹوتی پر بھی نگاہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسانوں سے زیادتی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ طے شدہ ہدف کے مطابق گندم کی بر وقت خرید اور حفاظت محکمہ خوراک کی اولین ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کر سکتے۔ سیکرٹری خوراک وقاص علی محمود نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو بتایا کہ اس وقت پنجاب میں گندم خریداری کے 382مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ صوبے کی12تحصیلوں میں پاسکو گندم اکٹھی کر رہا ہے۔
  دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے خلاف آرڈیننس کے اجراء کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خوراک کے شعبے میں ذخیرہ اندوزی سنگین مسئلہ ہے جس کی ہر قیمت پر حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے سے منافع کمانا ہر کاشت کار کا حق ہے لیکن ان مصنوعات سے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو کسی طور بھی درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ اُن کی ہدایت پر پنجاب کے بارڈرز سیل کیے جا رہے ہیں اور کسی قیمت پر گندم غیر قانونی طور پر صوبے سے باہر نہیں جائے گی۔سینئر وزیر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے تمام اداروں کو متحرک کریں گے اور محکمہ خوراک وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارکی توقعات پر پورا اترے گا.

تبصرے