وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کو عبرتناک سزادیں گے،چالو فلورملز کیلئے پرمٹ
فلور ملز کو گندم کی وافر فراہمی،کہیں کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے:سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان
وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کو عبرتناک سزادیں گے،چالو فلورملز کیلئے پرمٹ
کورونا کے لئے وفاقی و پنجاب حکومت کی پالیسی بہترین ہے،مبارکبا د دینے والوں سے گفتگو
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی فلور ملز کو مطلوبہ گندم کی فراہمی یقینی بنائیں گے، محکمہ خوراک کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، کہیں کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشو ں کے باعث کچھ تاخیر ضرور ہے لیکن محکمانہ سرگرمیاں جاری ہیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ محکمہ خوراک کی طرف سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو پرمٹ کی فہرست بھجوا دی گئی ہے اور صوبے میں چالو اور کام کرنے والی فلورملز کو گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دیگر صوبوں سے گندم کی نقل و حمل کے معاملات طے ہو رہے ہیں،پنجاب اپنے برادرصوبے خیبر پختونخواہ کی گندم کی ضروریات پوری کرے گا البتہ پرمٹ کے بغیر گندم کو صوبے سے باہر نہیں جانے دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کو عبرتناک سزا دیں گے اور رمضان المبارک میں خصوصی طور پر آٹے کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں،اس بارے میں واضح ہدایات دے دی گئی ہیں البتہ صوبے سے باہر گندم جانے کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔
دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مبارکباد کے لئے آنے والے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو انتہائی مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں اور اُن کا ویژن سفید پوش طبقے کو سہولیات بہم پہنچانا ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے وفاقی و پنجاب حکومت کی پالیسی بہترین ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کی کامیابی شہریوں کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ کھولنے سے مزدور طبقے کو فائدہ حاصل ہو گا اور بے روزگاری کی شرح میں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کورونا ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور ہم سب کو مل کر اس وبا کا سامنا کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے شہریوں سے حکومتی پابندیوں میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وسائل کے مطابق حکومت لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ہمیں اللہ تعالیٰ سے بھی کامیابی کی دعا کرنی چاہیے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قائد عمران خان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں اور دی گئی ذمہ داریاں عوامی فلاح و بہبود کے لئے برؤئے کار لائیں گے۔ ٭٭٭
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں