گندم خریداری مہم میں ٹارگٹ کا حصول اولین ترجیح ہے، بوگس کمپنیوں سے سختی سے نمٹیں گے:گفتگو

صحیح معنوں میں کام کرنے والی سیڈ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 گندم خریداری مہم میں ٹارگٹ کا حصول اولین ترجیح ہے، بوگس کمپنیوں سے سختی سے نمٹیں گے:گفتگو

 سیڈ ایسوسی ایشن کی چیئرمین چوہدری بلال احمد کی قیادت میں ملاقات، میاں انجم نثار بھی موجود تھے

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صرف گندم کوٹے کے لئے کام کرنے والی گھوسٹ کمپنیوں سے سختی سے نمٹیں گے جبکہ صحیح معنوں میں کام کرنے والی سیڈ کمپنیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے اور اُن سے محکمہ خوراک بھی مکمل تعاون کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین چوہدری بلال احمد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر اینڈ کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر میاں انجم نثار اور ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین رانا سلمان محمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے،پنجاب میں کاشت ہونے والی گندم کو غیر قانونی طور پر صوبہ کے پی کے اور وہاں سے افغانستان سمگل کر دیا جاتا ہے،ہمیں پہلے اپنی ضروریات پوری کرنا ہے اُس کے بعد اپنے برادر صوبوں کے لئے بھی حاضر ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے خوراک کی وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد پنجاب میں بین الاضلاعی گندم کی نقل و حمل پر کسی قسم کی پابندی نہ لگانے لیکن باقاعدہ پرمٹ کے بغیر صوبے سے باہر گندم نہ بھجوانے کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔اسی طرح پنجاب حکومت اپنا ٹارگٹ پورا ہونے تک کسی اور کو گندم اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیڈ کمپنیوں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے،انہیں احساس ہے کہ آئندہ فصل کے لئے بیج کی وافر مقدار میں فراہمی ضرور ی ہے۔انہوں نے سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سے کہا کہ وہ حقیقی طور پر کام کرنے والی سیڈ کمپنیوں کی فہرست تیار کریں تاکہ انہیں قوانین و ضوابط کے مطابق گندم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔
سیڈ ایسوسی آف پاکستان کے چیئرمین چوہدری بلال احمد نے بتایا کہ ابھی تک سیڈ کمپنیوں کو گندم کا بیج انتہائی کم مقدار میں فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ محکمہ خوراک بیج کے لئے فوری گندم ریلیز کرے تاکہ آئندہ سیزن میں آٹے کی قلت نہ ہو۔ انہوں نے سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور اپنی اور اپنی ایسوسی ایشن کی طرف سے وزیر خوراک عبدکو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر میاں انجم نثار اور اجلاس کے شرکاء نے عبدالعلیم خان کو سینئر وزیر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اُن کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔





تبصرے