گندم کی ترسیل و پرمٹ میں تبدیلی کی ہے، فلور ملز کے جائز تحفظات دور کریں گے:وفد کو یقین دہانی

سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی ملاقات، ہڑتال نہیں ہوگی

 گندم کی ترسیل و پرمٹ میں تبدیلی کی ہے، فلور ملز کے جائز تحفظات دور کریں گے:وفد کو یقین دہانی

 گندم خریداری مہم اولین ترجیح ہے، خود جائزہ لینے اضلاع کا دورہ کر رہا ہوں:عبدالعلیم خان کی گفتگو

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین عاصم رضا کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد اور گندم خریداری مہم کے موقع پر فلور ملز ایسوسی ایشن کو ہڑتال نہیں کرنی چاہیے اُن کے جائز تحفظات ضرور دور کریں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب بھر میں گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں البتہ مختلف اضلاع سے گندم کے پرمٹ کے اجراء کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا ہے اور اب گندم اٹھانے والے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو این او سی جاری کرنا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق گندم کی خریداری کے ہدف کے حصول کا تہیہ کر رکھا ہے،پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور انشاء اللہ ہم اپنے ہدف 45 لاکھ میٹرک ٹن کو جلد حاصل کر لیں اور اس کے بعد بھی گندم کی فالتو خرید جاری رکھی جائے گی تاکہ برادر صوبوں کی ضرورت پوری کی جا سکے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ کسی تھرڈ پارٹی کو پنجاب سے گندم اٹھانے کی اجازت نہیں ہو گی بلکہ پنجاب حکومت گندم خرید کر صوبہ کے پی کے کے حوالے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی جیسے ناسور سے چھٹکارا پانا ضروری ہے جس کے لئے سخت سزاؤں پر مشتمل آرڈیننس کا اجراء ہو چکا ہے۔ اسی طرح مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے بھی حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی،ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر او ر انتظامیہ کو اختیارات دے دیے گئے ہیں جس کے بعد گندم کی خرید میں پائے جانے والے گھپلوں کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔عبدالعلیم خان نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطالبات کو سنا اور اُن کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین عاصم رضا نے سینئر وزیر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کیا اور توقع ظاہر کی کہ اُن کے مطالبات پر محکمہ خوراک فوری کاروائی کرے گا۔ملاقات میں فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر عبدالرؤف مختار،حافظ احمد قادر اور میاں محمد ریاض بھی موجود تھے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سینئر وزیر عبدالعلیم خا ن کل 24اپریل بروز (جمعتہ المبارک) جنوبی پنجاب کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ بہاولپور اور رحیم یار خان میں نہ صرف گندم خریداری مہم کا جائزہ لیں گے بلکہ مقامی فلور و سیڈ ملز کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔








تبصرے