بے جا تنقید کوئی حل نہیں، سیاست نہیں لوگوں کی عملی خدمت کرنے کا وقت ہے:وفد سے گفتگو
دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی مشکل ترین حالات کا سامنا ہے:سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان
بے جا تنقید کوئی حل نہیں، سیاست نہیں لوگوں کی عملی خدمت کرنے کا وقت ہے:وفد سے گفتگو
سینئر وزیر سے صوبائی وزیر اور اراکین اسمبلی کی ملاقاتیں، گندم خریداری مہم کاجائزہ لیا گیا
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی مشکل ترین حالات کا سامنا ہے اور موجود وسائل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لئے بہترین اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت سمیت تمام شعبے مشکلات میں ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو مل جل کر حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔اپنی رہائشگاہ پر مبارکباد کے لیے آنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے فر نٹ لائن پر اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر خدمات سر انجام دینے والے بلا شبہ لائق تحسین ہیں جن کی پوری قوم مقروض ہے۔انہوں نے کہا کہ بے جاتنقید کوئی حل نہیں ہمیں حالات کی نزاکت کو سمجھنا ہوگا اور اپنا انفرادی و اجتماعی مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر شہری کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے اور ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ سے خصوصی مدد کی دعا مانگنی چاہیے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عام آدمی کا احساس کر رہے ہیں جس کے لئے حکومت کے تمام وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ لوگوں کی عملی طور پر خدمت کرنے کا ہے جس کے لئے صاحب ثروت افراد کو فراخ دلانہ طور پر آگے آنا چاہیے اور ضرورت مندوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کو یقینی بنانا چاہیے۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے صوبائی وزیر برائے لٹریسی راجہ راشد حفیظ اور ضلع گجرات سے ممبران پنجاب اسمبلی چوہدری لیاقت علی بھدر، سلیم سرور جوڑا اور میاں اختر حیات نے بھی ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں میں گندم خریداری مہم پر خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس سال پنجاب حکومت نے باردانہ پالیسی تبدیل کر کے کسانوں کو بڑے پیمانے پر ریلیف دیا ہے۔انشاء اللہ پنجاب خوراک کے شعبے میں خود کفیل ہو گااور گندم خریداری ہدف وقت سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وہ خود گندم خریداری مراکز کا جنوبی پنجاب کا دورہ کر کے آئے ہیں جہاں صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے۔اراکین اسمبلی نے صوبائی وزیر کو اپنے حلقوں کے حوالے مختلف مسائل کی نشاندہی کی جن کا انہیں فوری حل کا یقین دلایا گیا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں