ورکنگ فلور ملز سے ہر ممکن تعاون ہوگا:سینئر وزیرپنجاب کی پروگریسو گروپ آف فلور ملز کو یقین دہانی

پنجاب میں گھوسٹ فلور ملز بند کرینگے، انہیں گندم کا سرکاری کوٹہ نہیں ملے گا:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 گندم خریداری اور باردانہ حکومت پر غیر ضروری بوجھ ہے، معاملات نجی شعبے کے پاس ہونے چاہئیں

 ورکنگ فلور ملز سے ہر ممکن تعاون ہوگا:سینئر وزیرپنجاب کی پروگریسو گروپ آف فلور ملز کو یقین دہانی

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے واضح کیا ہے کہ پنجاب بھر میں گھوسٹ فلور ملز بند کردیں گے،انہیں گندم کا سرکاری کوٹہ نہیں ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک بجلی کے بلوں کے ذریعے ورکنگ فلور ملز کاتعین کرے گا اور صرف سرکاری کوٹہ حاصل کرنے والی ملوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے پروگریسو گروپ آف فلور ملز کے11رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جن میں فلور ملز مالکان شامل تھے۔صوبائی وزیر میاں خالد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ محکمہ خوراک کو حقیقت پسندانہ پالیسی اپنانے کی ہدایت کر دی ہے۔موجود ہ حالات میں گندم خریداری اور باردانہ حکومت پر غیر ضروری بوجھ ہے لہذا چاول اور چینی کی طرح گندم کی خریداور دیگر معاملات بھی پرائیویٹ سیکٹر کے پاس ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ فلو ر ملز کو گندم دینے سے متعلق بہتر میکنزم لائیں گے اور پہلے سے موجود پالیسیوں کو ا پ گریڈ کیا جائے گا،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزارت خوراک وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے دیا گیا اہم ٹاسک ہے جسے سو فیصد پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سال پنجاب میں گندم کی پیداوار ہدف کے مقابلے میں زیادہ ہونے کی توقع ہے،گندم خریداری مہم تسلی بخش چل رہی ہے اور انشاء اللہ صوبے میں آٹے کی کہیں کسی قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔ انہوں نے فلور ملز ایسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ اس شعبے کو مشن سمجھتے ہوئے آگے آئیں اور مصنوعی قلت و ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ملک بھر کی طرح پنجاب میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف نئے آڑڈیننس کے تحت سخت ترین ایکشن جاری ہے اور گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی میں 30ہزار من گندم کی بوریاں برآمد کر کے گوداموں کو سیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی اور اس مافیا پر ہاتھ ڈالنے کے لئے محکمہ خوراک کے علاوہ حساس اداروں سے بھی مدد لی گئی ہے۔سینئر ووزیر خوراک عبدالعلیم خان نے پروگریسو گروپ آف فلورملز کے مطالبات بغور سنے اور اُن کے حل کا یقین دلایا۔
  ملاقات کرنے والوں میں مختلف فلور ملز کے مالکان میاں محمد شفیق، میاں خلیق ارشد، ماجد عبداللہ، شیخ فیاض احمد اور خرم شہزاد نے تجاویز دیں کہ حکومت کو گندم کی سبسڈی اور فلور ملز کو دیے جانے والے کوٹے پر تحفظات ہیں جنہیں دور کیا جانا چاہیے۔ ساجد عبداللہ،عمیر شہزاد، حاجی ظہیر احمد، فرخ شہزاد، زوریز مقصود اور واجد عبداللہ بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ وفد نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور سینئر وزیر کی طرف سے کیے گئے اظہار خیال پر مسرت کا اظہار کیا۔







تبصرے