گندم خریداری کا72فیصد ہد ف مکمل، 92فیصد باردانہ تقسیم ہو چکا:سینئر ووزیر خوراک
پنجاب میں گندم خریداری کی مربوط پالیسی پر عمل ہوا، خود موقع پر جائزہ لیا:عبدالعلیم خان
اناج کی کمی نہیں آنے دینگے:سینئر وزیر نے پنجاب اسمبلی میں سوالوں کے جواب دیے
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم کی خریداری کے لئے مربوط پالیسی پر عمل کیا گیا ہے جس کا بلا واسطہ فائدہ عام کاشتکار کو پہنچانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی خریداری کا72فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے جبکہ کسانوں کو92فیصد باردانے کی تقسیم عمل میں لائی جا چکی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے رواں سیشن میں محکمہ خوراک کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بتایا کہ اس سال پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کو باردانے کی کسی روک ٹوک کے بغیر فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود بھی گندم کی خریداری مہم کا موقع پر جا کر جائزہ لیا ہے اور کہیں کوئی شکائیت نہیں پائی گئی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب نے 45لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خرید کا ٹارگٹ مقررکیا ہے جسے انشاء اللہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے علاوہ برادر صوبے کے پی کے کی گندم کی ضرورت بھی پوری کرے گی جبکہ کسی غیر معمولی صورتحال کے لئے5لاکھ میٹرک ٹن اضافی خرید کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی غیر قانونی نقل و حمل سختی سے روکی گئی ہے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کسی تفریق کے بغیر بڑے پیمانے پر کاروائیاں کی گئی ہیں جس سے بھاری مقدار میں گندم برآمد کر کے محکمہ خوراک نے قبضے میں لے لی ہے۔عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ انشاء اللہ پنجاب کی عوام کو اناج کی کمی نہیں آنے دیں گے،محکمہ خوراک اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے اور تمام ضروری اقدامات برؤئے کار لائے جا رہے ہیں۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ خوراک کے مختلف ضمنی سوالوں کے بھی جوابات دیے اور ایوا ن کو صوبے میں خوراک کے شعبے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں