ملک کو مشکل ترین صورتحال کا سامنا ہے، وزیر اعظم کا فوکس نچلا طبقہ ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
حالات غیر معمولی ہیں، موجودہ حالات میں شہریوں کو بھی ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا ہوگا
بہتری کے لئے کام کرنا مشکل اور تنقید برائے تنقید آسان ہے:عبدالعلیم خان کی وفد سے گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کو حقیقی طور پر مشکل ترین صورتحال کا سامنا ہے اور ایسے چیلنجز درپیش ہیں جن سے نمٹنے کے لئے ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر سخت فیصلے کرنا ہی تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اصل فوکس نچلے طبقے کی بقا ء کے لئے اقدامات کرنا ہیں اسی لیے اُن کا موقف شروع دن سے یہی تھا کہ عام آدمی کے لئے مشکلات کم سے کم کی جائیں۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اتوار کے روز پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حالات انتہائی غیر معمولی ہیں جن کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک نے بھی اس قدرتی آفت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں اور مسلسل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کو بے روزگاری سمیت اہم معاشی مسائل درپیش ہیں جن کے حل کے لئے کام کرنا مشکل اور تنقید برائے تنقید آسان ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت وفاق اور صوبے کی سطح پر شہریو ں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل برؤئے کار لا رہی ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکا وزیر اعظم عمران خان عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے خود میدان عمل میں رہیں گے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بھی رضا کارانہ طور پر اپنی خدمات لوگوں کی بہتری کے لئے وقف رکھیں اور فلاح و بہبود کے کاموں کے ساتھ ساتھ شہریوں میں اپنی حفاظت کے بارے میں بھی شعو اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عام آدمی کا ذمہ دارانہ رویہ کورونا کی وبا سے نمٹنے میں کلیدی کردارادا کر سکتا ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل صرف کر رہی ہے اور انشاء اللہ لوگوں کا تعاون ہوا تو ہم جلد اس مشکل صورتحال سے نکل آئیں گے۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی جن کے حل کے لئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے موقع پر احکامات جاری کیے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں