کمپنیوں نے اربوں روپے ضائع کیے، سرکاری پیسوں کا بے دریغ استعمال نہیں ہونا چاہیے - سینیئر وزیر پنجاب
صوبے کو مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، ریلیف دینے کی کوشش کرینگے
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مختلف کمپنیوں نے پنجاب حکومت کے اربوں روپے ضائع کیے،کسی بھی محکمے میں سرکاری پیسوں کا بے دریغ استعمال نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صوبے کو کئی ایک مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ وہ آج یہاں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں قانون، خزانے اور صنعت کے صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت، ہاشم جواں بخت اور میاں اسلم اقبال کے علاوہ مشیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ بھی شریک تھے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ کے لئے پنجاب حکومت کی ترجیحات کا واضح تعین ہونا چاہیے جس کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں من و سلویٰ کا انتظار کرنے کی بجائے اپنے وسائل سے اضافہ کرناہوگا۔ انہوں نے تمام محکموں کو مالی سال 2020-21 کے لئے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور غیر ضروری سرکاری شعبوں سے بچت کر کے اسے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے لئے سفارشات تیار کرنے کو کہا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کورونا کے باعث صوبے کو جن مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے اُس کا اثر آئندہ سال کے بجٹ پر بھی پڑے گا اور ہمیں کوشش کرنی ہے کہ آئندہ مالی سال میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کاموں کے ذریعے لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے اور اس مقصد کے لئے متعلقہ محکموں کو باہم رابطے کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اوروزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے محکمانہ تجاویز دیں۔چیف سیکرٹری پنجاب،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور سیکرٹری فنانس نے بھی اجلاس میں اظہار خیال کیا اور بجٹ2020-21کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں