ریسٹورینٹس کے لئے نیا مشاورتی بورڈ،لمبے عرصے تک سماجی فاصلے اور شرائط کی پابندی کرنا ہوگی


حفظان صحت کے مطابق معیاری کھانا ہر شہری کا بنیادی حق ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان  ایسوسی ایشن کے وفد کی سینئر و وزیر خوراک سے ملاقات، ریسٹورینٹس جلد کھولنے کی اپیل


سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانا شہریوں کا بنیادی حق ہے، ہوٹلز میں بالخصوص کچن کی صفائی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمود اکبر کر رہے تھے جبکہ صدر کامران شیخ،سیکرٹری احمد شفیق اور فنانس سیکرٹری نثار چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ایسوسی ایشن کی طرف سے دیگر کاروباروں کی طرح ریسٹورینٹس کو بھی فوری کھولنے کی اپیل کی گئی جس پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے موجودہ حالات میں ریسٹورینٹس کھولنے کے لئے ہمدردانہ غور کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں لمبے عرصے تک سماجی فاصلوں اور دیگر شرائط کی پابندی کرنا ہوگی تاکہ کورونا کے خطرات سے بچا جا سکے۔ 
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ریسٹورینٹس کے لئے نئے مشاورتی بورڈ بنانے کا عندیہ دیا۔انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی اور ریسٹورینٹس کے نمائندوں پر مشتمل باڈی تشکیل دیں گے تاکہ معاملات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ کھانے پینے کی معیاری اشیاء کوہم سب کو مل کر یقینی بنانا ہے اور محض اپنے تھوڑے سے منافع کے لئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے غیر معیاری دودھ اور گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زہر آلود اشیائے خوردونوش شہریوں میں بیماریوں کا باعث بنتی ہیں جن کی ہر قیمت پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔لاہور ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے سینئر وزیر کو اپنے ہر ممکن تعاون کایقین دلاتے ہوئے اپیل کی کہ اُن کے بند کاروبار تباہی کے دہانے پر ہیں، ہزاروں لوگوں کا روزگار اس انڈسٹری سے وابستہ ہے لہذا دیگر کاروباروں کی طرح ریسٹورینٹس کو بھی فوری طور پر کھولا جائے۔انہوں نے تمام ایس او پیز اور حکومتی شرائط پر عملدرآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ریسٹورینٹس میں گنجائش کے مقابلے میں آدھے لوگوں کو فاصلے پر بٹھایا جائے گا اور وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے تمام اصولوں کو مد نظر رکھیں گے۔  












تبصرے