سیڈ کمپنیوں کو گندم کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت،فلور ملز کیلئے بھی نرمی برتیں:سینئر وزیر پنجاب

سیڈ کمپنیوں کو گندم کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت،فلور ملز کیلئے بھی نرمی برتیں:سینئر وزیر پنجاب

گھوسٹ فلور ملوں کی طرح سیڈ کمپنیوں کی چھان بین ضروری ہے، مزیدگھیرا تنگ ہوگا:عبدالعلیم خان

خوراک،زراعت،آبپاشی اور لائیو سٹاک کے محکموں کے مابین ورکنگ گروپ کی تشکیل ہو گی

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت4اہم محکموں کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خوراک، زراعت، آبپاشی اور لائیو سٹاک کے محکموں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے جس کے لئے ان چاروں محکموں کے سیکرٹریز پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو صوبے کو خوراک کے شعبے میں خود کفیل کرنے کے لئے شارٹ اور لانگ ٹرم پالیسی کی سفارشات مرتب کرے گا۔اس اجلاس میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کے ہمراہ صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال، وزیر آبپاشی سردار محسن علی لغاری،وزیر کنسولیڈیشن سید صمصام علی بخاری اور وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک بھی شریک تھے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے میں سیڈ کمپنیوں کو گندم کی فوری فراہمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور اس امر کا اعادہ کیا کہ محکمہ خوراک پنجاب گندم کی خرید کے اپنے ہدف کے علاوہ سیڈ کمپنیوں کو بھی گندم کی فراہمی میں معاونت کرے گا۔اسی طرح فلور ملوں کے لئے بھی نرمی برتی جائے گی تاکہ کسان کی زیادہ سے زیادہ گندم اچھے داموں اور بر وقت فروخت ہو سکے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے موسمی تغیرات کے باوجود پنجاب میں گندم کی فصل اچھی ہوئی ہے ہم نہ صرف اپنی خرید کا ہدف جلد پورا کر لیں گے بلکہ کے پی کے برادر صوبے کے لئے بھی گندم کی ضرورت پوری کی جائے گی۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اجلاس میں بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت مہم شروع کر رکھی ہے ان سے کوئی رعائیت نہیں برتیں گے اور ان کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گھوسٹ فلور ملوں کی طرح سیڈ کمپنیوں کی چھان بین بھی ضروری ہے تاکہ صرف گندم کے کوٹے کے لئے بیج کی کمپنی بنانے والوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
اجلاس میں وزیر زراعت ملک نعمال لنگڑیال اور وزیر آبپاشی سردار محسن لغاری نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی طرف سے چاروں محکموں کے مابین ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے کی تجویز کو سراہا۔اسی طرح وزیر کنسولیڈیشن سید صمصام علی بخاری اور وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے بھی ان چار محکموں کے مابین بہتر ہم آہنگی کو صوبے کے پیداواری ہدف کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ اجلاس میں چاروں محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر فوڈ اور ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن نے بھی شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔  








              

تبصرے