شاد ی سے پہلے ٹیسٹ اور شعور کی بیداری سوسائٹی کوتھیلیسیمیا فری بنا سکتی ہے:سینئروز یر پنجاب
تھیلیسیمیاپر قابو پانے کیلئے قانون سازی تیز، عبدالعلیم خان کی سندس فاؤنڈیشن کیلئے مالی امداد
انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام لائق تحسین ہے، اندرون و بیرون ملک پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کے دورے میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی سے پہلے ٹیسٹ اور شہریوں میں اس بارے شعور کی بیداری سوسائٹی کو تھیلیسیمیافری بنا سکتی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب اسمبلی میں تھیلیسیمیا کے حوالے سے قانون سازی تیز کریں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پنجاب کے6بڑے شہروں میں تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے سندس فاؤنڈیشن کی طرف سے دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی جیب سے مالی امداد کا چیک پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ خون کی بیماری میں مبتلا بچے اور اُن کے والدین دونوں یکساں امتحان کا شکار ہوتے ہیں اور اُن کی مشکلات کو کم سے کم کرنا ہم سب کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے۔عبدالعلیم خان نے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیاکی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی زکوۃ،عطیات اور صدقات سندس فاؤنڈیشن کے نیک کاموں پر صرف کریں۔ اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سندس فاؤنڈیشن میں خون تبدیل کرانے کے لئے آنے والے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، اُن کی خیریت دریافت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ معروف اینکرپرسن سہیل وڑائچ،آصف عفان اور ادارے کے ڈائریکٹر یاسین خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں تھیلیسیمیا کے بچوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے،ہمیں سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے حکومت کی طر ف سے لاک ڈاؤن میں کی گئی نرمی کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہر شہری اپنا کردار ادا نہیں کرے گا کورونا کا خطرہ موجود رہے گا۔ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پنجاب میں گندم خریداری کا 60فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے،مجموعی طور پر بالخصوص جنوبی پنجاب میں گندم کی "بمپرکراپ"ہوئی ہے اور انشاء اللہ
ہم اپنا 45لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف جلد حاصل کر لیں گے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں