فوڈ اتھارٹی ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف جرمانوں اور سزاؤں میں اضافہ کرے:سینئر وزیر پنجاب
معیاری اشیائے خوردونوش ہر شہری کا بنیادی حق ہے، قوانین میں ضروری ترامیم کی جائیں گی
ملاوٹ کرنے والوں کا سمری ٹرائل،محکمے کو بتائے بغیر خود اچانک چھاپے ماروں گا:عبدالعلیم خان
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جرمانوں اور سزاؤں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملاوٹ کرنے اور شہریو ں کو غیر معیاری اشیائے خوردونوش دینے والوں کا سمری ٹرائل ہونا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔سینئر وزیر نے فوڈ اتھارٹی کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے ملاوٹ ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکا ہے جس پر قابو پانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ضلع کی بجائے تحصیل کی سطح پر اپنی کاروائیاں تیز کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ خود اگلے ہفتے سے محکمے کو بتائے بغیر اچانک مختلف جگہوں پر چھاپے ماریں گے اور اپنے منافع کے لئے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف موقع پر کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف لاہور شہر کے تمام داخلی راستوں پر مستقل چیک پوائنٹس بنائے جائیں جن کی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔ اسی طرح گندے پانی سے سبزیاں اُگانے والوں پر بھی سخت ہاتھ ڈالاجائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فوڈ سٹریٹ اور شہر کے کھانے پینے کے پوائنٹس کی چیکنگ کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ بڑی بیکریوں اور فوڈ چین کی بیک وقت چیکنگ عمل میں لائی جائے تاکہ کسی کو کوئی اعتراض نہ ہو۔ سینئر وزیر نے کہا کہ لائیو سٹاک اور لوکل گورنمنٹ کے محکموں کو آن بورڈ لیا جائے جبکہ محکمہ قانون سے مزید قانون سازی کے لئے مشاورت کی جائے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خاننے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کو مالی لحاظ سے خود انحصار ہونا چاہیے جس کیلئے مزید اصلاحات لائی جائیں اور اپنی عمارات بنانے کی بجائے کرائے کی بلڈنگز کو استعمال کیا جائے۔ انہوں نے فوڈ اتھارتی میں 975نئی تعیناتیوں کے لئے رکاوٹ دور کرنے کی بھی ہدایت کی اور دیگر مسائل کے حل میں بھی تعاون کا یقین دلایا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اُن کے پاس کل 110ٹیمیں کام کر رہی ہیں جبکہ انہیں افرادی قوت میں کمی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ کسی قسم کے دباؤ کے بغیر فوڈ اتھارٹی اپنی سرگرمیاں مزید تیز کرے گی اور وزیر اعظم کے فروری میں اعلان کردہ ملاوٹ کے خلاف پلان کی کامیابی کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائے جائیں گے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں