سرکاری ہسپتالوں میں ایک ماہ کا بیک اپ رکھیں، ادویات کی قیمتوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے

کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ سنجیدہ مسئلہ ہے، ذمہ داری دکھانی ہوگی:عبدالعلیم خان

 مختلف جگہوں پر سخت چیکنگ کی جائے، لاہور کیلئے خصوصی پلان ہونا چاہیے:کابینہ کمیٹی اجلاس

سرکاری ہسپتالوں میں ایک ماہ کا بیک اپ رکھیں، ادویات کی قیمتوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے

سینئروزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سنجیدہ مسئلہ ہے، حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی ذمہ داری دکھانی ہوگی اور اعلان کردہ حفاظتی اصولوں پر زیادہ سے زیادہ عملدرآمد کرنا ہوگا۔ وہ آج یہاں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے کورونا کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال،چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک اورہیلتھ کے دونوں سیکرٹری صاحبان کے علاوہ متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہریوں کو حفاظتی اقدامات سے متعلق مسلسل آگاہ کیا جائے اور اس مقصد کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ایس او پیز کی مناسب تشہیر عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ مختلف علاقوں میں سخت چیکنگ کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا اور بالخصوص لاہور کے لئے خصوصی پلان تیار رکھنا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سرکاری ہسپتالوں پر کورونا کے مریضوں کا دباؤ بہت زیادہ ہے جس کے لئے محکمہ صحت کو شیخ زید ہسپتال میں بھی کورونا کے مریضوں کے لئے سہولیات میں اضافہ کرنا چاہیے،اسی طرح شہریوں کو ہسپتالوں میں کورونا کے علاج معالجے کے بارے میں درست معلومات بہم پہنچائی جائیں تاکہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے حوالے سے ایک ماہ کا بیک اپ رکھا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپیل کی کہ شہری حکومت کی نرمی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں،گھروں سے کم سے کم نکلیں اور منہ ڈھانپنے کے علاوہ سینی ٹائزر کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں بھی کورونا سے متعلق ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے البتہ کورونا کی ادویات اور انجیکشن کی قیمتوں پر کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں سے کہیں کوئی زیادتی نہ ہو۔
کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے مختلف جگہوں پر شہریوں کی چیکنگ، جرمانوں اوروارننگ دینے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سیکرٹری ہیلتھ نے صوبے بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔






تبصرے