انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی


 چینی کی فی کلو 70روپے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی

 کسی کو بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بے جا نہیں بڑھانے دیں گے:سینئر وزیر کی گفتگو

 سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں چینی کی فی کلو 70روپے قیمت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا،صوبے بھر کی انتظامیہ کو اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس ضمن میں کہیں کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔ چینی کی نئی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے چینی کی قیمت میں نمایاں کمی کی ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس معاملے پر بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف چینی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا گیا ہے بلکہ چینی کے متعلق تمام امور کی شفاف تحقیقات کر کے واضح روڈ میپ تشکیل دے دیا گیا ہے اور اب آئندہ کسی کو اس مسئلے پر من مانی کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پیٹرول کی بعد چینی کی قیمتوں میں واضح کمی انتہائی خوش آئند امر ہے شہریوں کو مختلف شعبوں میں ریلیف حاصل ہو رہا ہے اور مشکل ترین حالات میں بھی عام آدمی کے لیے آسانی پیدا کی جا رہی ہے۔سینئر و وزیر خورا ک عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چینی کی طرح آٹے اور گندم کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے کی کوشش کریں گے اور جہاں کہیں خلاف ورزی انتظامیہ سخت کاروائی عمل میں لائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر واضح ہو گیا ہے کہ اگر ٹیم کا کپتان نیک نیت اور ایماندار ہو تو درست فیصلوں کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی اور چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تبصرے