بجٹ متوازن اور اصل حقائق کا آئینہ دار ہے،پبلک سیکٹر کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے

پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اضافہ خوش آئند امر ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 بجٹ متوازن اور اصل حقائق کا آئینہ دار ہے،پبلک سیکٹر کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے

بجٹ کے لئے عوام کی تجاویز کو بلا واسطہ طور پر شامل کیا گیا ہے:سینئر وزیر کااظہار خیال

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خا ن نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں حکومت کا ملک کے سب سے بڑے صوبے کے بجٹ میں نیا ٹیکس نہ لگانا خوش آئند امر ہے اس کے ساتھ ساتھ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اضافہ بھی قابل ستائش اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیچیدہ حالات میں بھی بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور تمام شعبوں کا احاطہ کیا ہے تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں خاطرخواہ کمی کی جا سکے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور تبدیلی کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے خوشحالی لائے گا اور صوبے کو غیر معمولی حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو نچلے طبقے کی تکلیفوں کا بخوبی احساس ہے اسی لیے بجٹ میں کم وسائل والے علاقوں کے لئے خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی بھاری رقوم مختص کی ہیں جس سے ان شعبوں میں آنے والے مالی سال میں خاطرخواہ بہتری آئے گی اور انشاء اللہ بہت جلد ملک کے حالات نارمل ہو جائیں گے۔۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبوداور بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے جس کے لیے تمام وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش تمام چیلنجوں سے جلد نکالیں گے اور انشاء اللہ ترقی کا یہ سفر بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔      
 

تبصرے