مختلف حیلو ں بہانوں سے دوسروں پر الزام تراشی مودی کا پرانا وطیرہ ہے،شرمندگی اٹھانا پڑی
بھارت نے سفارتی آداب کی دھجیاں اڑانے سے بھی گریز نہیں کیا:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
مختلف حیلو ں بہانوں سے دوسروں پر الزام تراشی مودی کا پرانا وطیرہ ہے،شرمندگی اٹھانا پڑی
وزیر اعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر بھارتی اصلیت کو بے نقاب کیا:موجودہ صورتحال پر گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے موجودہ پاک بھارت صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کے لئے سفارتی آداب کی دھجیاں اڑانے سے بھی گریز نہیں کیا،مختلف حیلوں بہانوں سے دوسروں پر الزام تراشی کرنا اور اپنے جارحانہ عزائم کی تکمیل کے لئے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی مودی اور بھارت کا پرانا وطیرہ ہے جس پر اُسے ہمیشہ شرمندگی اٹھانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقت بننے کا خواب دیکھنے والے مودی کو اصل حقائق کا سامنا کرنا ہوگا اور وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مزید اپنے ملک کی اندرونی کمزوریاں چھپا نہیں سکتے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر بھارتی اصلیت سے پردہ اٹھایا ہے اور اب مودی کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان سے کسی خاص مقصد کی آڑ میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تو گزشتہ سال فروری کی یاد تازی کر دیں گے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اگر مشکل وقت آیا تو پاکستانی قوم بھی اپنے جوانوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بین الاقوامی فورم کی شرائط کو خاطر میں نہ لانے والے بھارت کو اُس کی کمزور معیشت اور اندرونی مسائل لے ڈوبیں گے اور اُس کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو کر رہے گی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں قومی سلامتی کونسل میں خطاب میں بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور اب دوبارہ مودی کو آئینہ دکھانے میں موجودہ حکومت کسی طور بھی پیچھے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام تر کاروائیوں کا مقصد کشمیر کی جدوجہد سے توجہ ہٹانا ہے جس میں بھارتی عناصر کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں عالمی اصولوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں