عوام کو سیاسی سرگرمیوں کی نہیں ترقی و خوشحالی کی ضرورت ہے: سینئر وزیر پنجاب کی زیر صدارت اجلاس

 ساڑھے سولہ کروڑ کی لاگت سے ضرار شہید روڈ کے علاوہ 23کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

 عوام کو سیاسی سرگرمیوں کی نہیں ترقی و خوشحالی کی ضرورت ہے: سینئر وزیر پنجاب کی زیر صدارت اجلاس

 این اے 129اور پی پی 158کی مختلف یونین کونسلوں میں سڑکوں و گلیوں کی تعمیر اور ترقیاتی کام مکمل

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این اے129اور پی پی158کے مختلف علاقوں میں جاری و مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساڑھے سولہ کروڑ روپے کی لاگت سے ضرار شہید روڈ کے میگامنصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، 13کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گلیوں و سڑکوں کی کارپیٹنگ،پیچ ورک،واٹر فلٹریشن پلانٹس،واسا کے مختلف منصوبوں اور سیوریج کے لئے 10کروڑ روپے کے مزید ترقیاتی منصوبے بھی منظور ہو چکے ہیں جن پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو بتایاگیا کہ اب تک گلستان کالونی، شاہ جمال، احاطہ مول چند،میاں میر کالونی، گوندی پیر،فاضلیہ کالونی،بستی سیدن شاہ، باجا لائن اور ریلوے کالونی کے علاقوں میں مقامی ترقیاتی منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جنہیں معیاری کام کے ساتھ کم خرچ لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ان ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف محکموں کے لئے لگائے گئے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ وہ مقامی لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کریں جن کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عام آدمی اور اُس علاقے کو پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ اب اگلے مرحلے میں این اے 129اور پی پی 157میں بھی تیزی سے ترقیاتی کام مکمل ہوں گے جس کے لئے ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ یہ ترقیاتی کام بلا امتیاز ہر علاقے میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوام کو سیاسی سرگرمیوں کی نہیں ترقی و خوشحالی کی ضرورت ہے، اپوزیشن جماعتیں تنقید کرنے اور حکومت تعمیر کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز سے مختلف علاقوں میں لوگوں کی مشکلات حل کر رہے ہیں اور نمائشی منصوبوں کی بجائے حقیقی مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے ماضی کے 10برسوں میں نواز لیگ نے صرف اور صرف میگا منصوبوں کے نام پر مال بنانے کو اہمیت دی جس کے باعث گنجان آباد علاقوں میں لوگوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا گیا۔انہوں نے بتایا کہ این اے129اور پی پی157اور158میں یونین کونسل کی سطح پر مطلوبہ ترقیاتی کاموں کی ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی تشکیل دی جاتی ہے اور مختلف شعبوں کے لئے فوکل پرسن بھی تعینات ہیں جو لوگوں کی ضروریات کے مطابق ڈویلپمنٹ کے کام مکمل کر رہے ہیں جبکہ لوگوں کی مختلف محکموں سے متعلق شکایات کو بھی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر اور حل کیا جا رہا ہے۔

تبصرے