وزیر اعظم کی ہدایت پر آٹے کی کم قیمت یقینی بنائیں گے،مختلف تجاویز زیر غور ہیں:عبدالعلیم خان
صرف فنکشنل فلور ملز کو گندم ریلیز ہوگی، فہرستوں کی تیاری شروع،حساس اداروں سے مدد لیں گے
وزیر اعظم کی ہدایت پر آٹے کی کم قیمت یقینی بنائیں گے،مختلف تجاویز زیر غور ہیں:عبدالعلیم خان
گندم کی یکساں ریلیز اور آٹے کی ایک ہی قیمت کیلئے ایسوسی ایشن کی سینئر وزیر کو سفارشات پیش
سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ پنجاب بھر میں صرف فنکشنل فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ ریلیز کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے سارا سال کام کرنے والی ملز کا سروے شروع ہو چکا ہے اور اُن کی فہرستوں کی تیاری میں حساس اداروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آٹے کی قیمت کو کم سے کم رکھنا چاہتے ہیں اسی لیے گندم امپورٹ کرنے اور فلور ملز کو وقت سے پہلے سرکاری گندم کی ریلیز کے فیصلے کیے گئے ہیں۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے عندیہ دیا کہ آئندہ3ماہ میں پنجاب میں خوراک کے شعبے میں نئی پالیسی لا رہے ہیں،ٹارگٹڈ سبسڈی پر بھی کام جاری ہے جس کے تحت صرف مستحق لوگوں کو کم قیمت پر آٹے کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی اور اس مقصد کیلئے یوٹیلٹی سٹورز اور حساس پروگرام کے ڈیٹا سے مدد لی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملز کو جتنی گندم ریلیز کی جائے گی اتنی ہی مقدار درآمد کر لی جائے گی تاکہ گندم کے وافر ذخائر کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ اس سال کاشتکار کو اپنی گندم کا بہت اچھا ریٹ ملا ہے لیکن حکومت گندم کی قیمت میں اضافے کے باوجود آٹے کی قیمتوں کو کم سے کم رکھنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عام آدمی کو گندم اور آٹے کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے سنجیدگی سے غور ہو رہا ہے اور آبادی کے تناسب سے صوبے کے 10بڑے اضلاع کا پہلے مرحلے میں سرکاری گندم کی ریلیز کے لئے انتخاب کیا گیا ہے البتہ اس سلسلے میں فلور ملز ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لیں گے اور اُن کی جائز تجاویز کو ضرور تسلیم کیا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں آٹے کی قیمت کو کم سے کم رکھنے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اسی لیے انہوں نے ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے اس معاملے کو فوری طور پر منظوری دلوائی ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ایسوسی ایشن کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کو غور سے سنا اور اُن کو مستقبل کی پالیسیوں میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا نے تجویز پیش کی کہ چند اضلاع کی بجائے صوبے بھر کی فلور ملز کو سرکاری گندم یکساں ریلیز کی جائے،فلور ملز بھی پنجاب بھر میں ایک ہی ریٹ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔انہوں نے اس معاملے پر حکومت سے بھرپور تعاون کیلئے سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کو یقین دہانی کروائی۔ایسوسی ایشن کے وفد میں پنجاب کے صدر عبدالرؤف مختار،میاں ریاض احمد، شوکت حیات اور فرخ شہزاد بھی شامل تھے جنہوں نے گندم کی سرکاری ریلیز،آٹے کی قیمتوں میں کمی اور فلور ملز کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں