مالی سال2020میں بیرونی سرمایہ کاری میں 88فیصد اضافہ خوش آئند ہے:عبدالعلیم خان

مالی سال2020میں بیرونی سرمایہ کاری میں 88فیصد اضافہ خوش آئند ہے:عبدالعلیم خان

اڑھائی ارب ڈالر کی عالمی انویسٹمنٹ اور بڑے ممالک کی شراکت روزگار کے مواقع لائیگی

وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر رہا ہے:سینئر وزیر کی گفتگو

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مالی سال2020میں بیرونی سرمایہ کاری میں 88فیصد اضافہ خوش آئند امر ہے،اسی طرح ملک میں رواں سال میں اڑھائی ارب ڈالر کی عالمی انویسٹمنٹ حوصلہ افز ا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور ناروے جیسے ممالک کی طرف سے پاکستان میں نئے منصوبوں پر سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اتوار کے روز لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر رہا ہے اور تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود ترقی کا سفر جاری ہے۔انہو ں نے کہا کہ مالی سال کے آخری ماہ جون میں ساڑھے17کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جس میں ٹیلی کام،مائیکرو فنانس بینکنگ کے پراجیکٹ، ہائیڈل پاور منصوبے اور تیل و گیس کے میگا پراجیکٹ شامل ہیں جو بلا شبہ موجودہ حکومت کاکریڈٹ ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بعض عناصر ترقی اور مثبت پہلوؤں کی بجائے منفی خبروں کی زیادہ تشہیر کر رہے ہیں تاکہ سابقہ حکمرانوں کی کرپشن اور بیڈ گورننس سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بیرون ملک سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری وزیر اعظم عمران خان کی شخصیت پر بھرپور اعتمادکا اظہار ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت شوبازی کی بجائے حقیقی ترقی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ2برسوں میں کرپشن اور کمیشن مافیا کی واضح حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور ملکی ترقیاتی ادارے پہلے سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سال2023تک پی ٹی آئی کی حکومت اپنے منشور پر زیادہ سے زیادہ عملدرآمد کر چکی ہو گی اور ملک کوترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو مختلف علاقوں کے مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا گیا جن کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے اُن کے فوری حل کے لئے احکامات بھی جاری کیے۔     

تبصرے