سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کوٹ لکھپت جیل کا تفصیلی دورہ،500پھلدار درختوں کا عطیہ


سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کوٹ لکھپت جیل کا تفصیلی دورہ،500پھلدار درختوں کا عطیہ

قیدیوں کی کچن، صاف پانی،ٹوائلٹ،و دیگر ضرورتیں پوری ہونی چاہئیں:عبدالعلیم خان

جیلوں کی اپ گریڈیشن تیز کی جائے،نئی بیرکوں کی تعمیر عمل میں لائی جائے:سینئر وزیر کی ہدایت

لاہور۔29جولائی:۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کو روزمرہ کی بنیادی سہولتیں حاصل ہونی چاہئیں اور اُن کی کچن، صاف پانی،ٹوائلٹ اور میڈیکل سمیت دیگر ضرورتوں کو پورا کیا جائے جو کہ انسانی حقوق کا بنیادی تقاضا بھی ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے کوٹ لکھپت جیل کے تفصیلی دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں پودا لگایا اور وہاں اپنی طرف سے مزید500پھلدار درختوں کے عطیے کا اعلان کیا۔
عبدالعلیم خان نے سینئر افسران کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل کے مختلف حصے دیکھے اور وہاں حال ہی میں کچن،کپڑے دھونے کی جگہ، واش رومز، لیونگ ایریا،جیل ہسپتال اور دیگر شعبوں میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے مکمل کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا او ر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اور آئی جی جیل خانہ جات کو اسی طرز پر صوبے کی دیگر جیلوں میں اپ گریڈیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جہاں ممکن ہو وہاں قیدیوں کے لئے نئی بیرکوں کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جیلوں کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے روائتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کرنا ہو گا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ جیل ریفامز کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیادپر تیزی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام خالصتاً انسانی ہمدردی اور قیدیوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے مکمل کیے گئے ہیں اور وہ آئندہ بھی اس نیک مقصد کے لئے حاضر ہیں۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر سینئر افسران سے تفصیلی بات چیت کی اور اُن سے مختلف جیلوں میں اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں ذہنی طور پر معذور قیدیوں کی خصوصی نگہداشت کا بندوبست ضروری ہے۔اسی طرح بیمار اسیران کے لئے معیاری علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچائی جانی چاہئیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے جیل کے کچن، ہسپتال،لانڈری ایریا اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں قیدیوں سے اُن کی خیریت دریافت کی۔



تبصرے