کرپشن میں نمایاں کمی اور تبدیلی کا عمل اوپر سے شروع ہو چکا،مشکلات کے باوجود بہتری آئی

دوبرس قبل عوام نے بد عنوانی کے خاتمے اور تبدیلی کے حق میں واضح مینڈیٹ دیا:عبدالعلیم خان

کرپشن میں نمایاں کمی اور تبدیلی کا عمل اوپر سے شروع ہو چکا،مشکلات کے باوجود بہتری آئی

وزیر اعظم عمران خان نے نجی غیر ملکی دوروں پر سرکاری پیسہ خرچ نہیں کیا،کیمپ آفس بھی نہیں بنائے

ان 2برسوں میں اقربا پروری اور خاندانی سیاست کو فروغ نہیں ملا:سینئر وزیر کا اظہار خیال

سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ2برسوں میں کرپشن میں واضح کمی اور ملک میں تبدیلی کا عمل اوپر سے شروع ہو چکا ہے اور پہلی مرتبہ اقتدار میں آنے والوں نے ذاتی فیکٹریاں لگائیں اور نہ ہی قومی خزانے سے اپنوں کو نوازا یا شاہی خاندان تشکیل دیا گیا۔25جولائی کو عام انتخابات کے 2سال پورے ہونے پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کیمپ آفس نہ بنا کر ایک طرف ملکی خزانے کے کروڑوں روپے بچائے اور سرکاری پیسے کو ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنے نجی غیر ملکی دوروں پر خرچ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ 25جولائی کا دن اس حوالے سے بھی یادگار ہے کہ ملک میں عوام نے ووٹ کی طاقت سے تبدیلی کے حق میں واضح مینڈیٹ دیا اور وزیر اعظم عمران خان کا انتخاب کر کے اپنے باشعور ہونے کا ثبوت دیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ2برسوں میں منی لانڈرنگ کرنے اور بیرون ملک جائیدادیں بنانے کا سلسلہ بند ہو گیا، ٹیکس دینے والوں کا پیسہ ہڑ پ کرنے کی بجائے ملکی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوا اور تحریک انصاف کی حکومت نے ان2برسوں میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 2برسوں میں مالی و دیگر مشکلات کے باوجود ملک آگے کی طرف بڑھا ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا جیسی عالمی وبا کا بہتر انداز میں سامنا کیا گیا ہے اور کورڈ19کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی وقت نے درست ثابت کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس سمیت سرکاری اداروں کے اخراجات نمایاں طور پر کم ہوئے ہیں اور پاکستان کی موجودہ حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف ملکی و عالمی سطح پر بھی برملاء کیا جا رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ2برسوں میں ملک میں اقربا پرور ی اور خاندانی سیاست کو فروغ نہیں ملا اور نہ ہی سرکاری پیسے پر اپنوں کو نگرانی کے لئے بٹھایا گیا ہے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ آئندہ3برس پارٹی منشور کو عملی جامہ پہنانے، عوامی مشکلات کم کرنے اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں صرف ہو ں گے اور ثابت ہو گا کہ25جولائی حقیقی معنوں میں تبدیلی، بہتری اور ترقی کے حق میں مینڈیٹ دینے کا دن ہے۔




تبصرے