عبدالعلیم خان کی وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی رہائشگاہ آمد، بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس

عبدالعلیم خان کی وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی رہائشگاہ آمد، بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی شہریوں کو عید الضحیٰ پرسختی سے احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد کرنیکی اپیل

کاوشیں رنگ لائیں، کورونا کو شکست دینے کے قریب ہیں، بے احتیاطی نہیں ہونی چاہیے

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) سید اعجاز شاہ کی رہائشگاہ گئے اور اُن سے اُن کے بھائی پیر حسن احمد شاہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے شہریوں کو عید الضحیٰ پر سختی سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے معاملے پر تیزی سے بہتری ہو رہی ہے،ہم اس وبا کو شکست دینے کے قریب ہیں، مزید احتیاط کی جائے اور دوبارہ کسی طور بھی ایسا طرز عمل اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ ہمارے لیے دوبارہ خطرہ پیدا ہو جائے۔ عبدالعلیم خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی دور اندیشانہ پالیسیوں کے باعث پاکستان میں دیگر ملکوں کے مقابلے میں کورونا نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا اور اموات کی شرح کا 80فیصد کم ہونا انتہائی تسلی بخش ہے،حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ عید الضحیٰ پر خصوصی طور پر سادگی اپنائی جائے اور سماجی فاصلوں اور حفاظتی تدابیر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، ہسپتال خالی ہو رہے ہیں اور اگر شہریوں نے بالخصوص عید کے موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو انشاء اللہ حالات مزید بہتر ہو جائیں گے۔عبدالعلیم خان نے این اے129اور پی پی158کے پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی آگاہی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اورعید کے موقع پر خصوصی طور پر لوگوں کو کورونا سے بچاؤ اور ایس او پیزپر عملدرآمد کے لئے قائل کریں کیونکہ اسی میں ہم سب کی بھلائی اور تحفظ ہے۔


 
 

تبصرے