مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی نہج پر پہنچ چکی،قربانیاں ضرور رنگ لائیں

یوم شہدائے کشمیر یاد دلاتا ہے کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا:عبدالعلیم خان

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی نہج پر پہنچ چکی،قربانیاں ضرور رنگ لائیں

آزادی کی جدوجہد کرنے والے ہر کشمیری کو سلام پیش کرتے ہیں:سینئر وزیر کا خصوصی پیغام

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے ہر کشمیری بھائی کو سلام پیش کرتے ہیں ہمیں یوم شہدائے کشمیر یاد دلاتا ہے کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا اور اُسے اس وادی میں بہائے جانے والے معصوم شہریوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مودی یاد رکھے کہ اُس نے معصوم شہریوں پر تاریخ کا طویل ترین اور بلا جواز لاک ڈاؤن کیا لیکن اب ان نہتے کشمیریوں کو زیادہ دیر اپنے آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یوم شہدائے کشمیر پر ساری قوم اُن حریت پسندوں کو خراج عقید پیش کرتی ہے جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی نہج پر پہنچ چکی ہے اور بھارت کو ایک نہ ایک دن کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنا ہی ہوگا۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر ملکی اوربین الاقوامی فورم پر کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کی حمائیت کے لئے دو ٹوک اور بہادرانہ موقف اختیار کیا ہے اور اقوام متحدہ تک کشمیریوں کی سفارتکاری کا حق ادا کر دیا ہے۔اس یوم شہدائے کشمیر پر بھی بھی پاکستان کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی بھرپور اخلاقی اور سفارتی حمائیت کا اعادہ کرتی ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ شہدائے کشمیر کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور یہ وادی جنت بے نظیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو کر رہے گی۔

تبصرے