ساڑھے16کروڑ سے ضرار شہید اور 55لاکھ روپے سے باجا لائن روڈ تعمیر ہوگی:عبدالعلیم خان

 

 ساڑھے16کروڑ سے ضرار شہید اور 55لاکھ روپے سے باجا لائن روڈ تعمیر ہوگی:عبدالعلیم خان

فنڈز کی ایک ایک پائی درست خرچ کی جائے،کنٹونمنٹ،واسا اور ایم سی ایل مشترکہ اجلاس کریں

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این اے129اور پی پی 157و 158کاجائزہ اجلاس

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی کاموں کو زیادہ سے زیادہ مفید بنانے کے لئے مربوط منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کو باہم ایک پیج پر ہونا چاہیے اور بالخصوص سڑکوں کی تعمیر سے پہلے سیوریج و دیگر امور کو پہلے نمٹایا جائے۔اتوار کے روز این اے129اور پی پی157اورپی پی158کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ ساڑھے16کروڑ روپے کی لاگت سے ضرار شہید روڈ لاہور کینٹ کے ٹینڈر منظور ہو چکے ہیں جبکہ55لاکھ روپے سے باجا لائن روڈ کی تعمیر بھی جلد شروع ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ پی پی158میں 10کروڑ روپے کی گرانٹ خرچ کی جائے گی جبکہ پی پی157میں سوا 4کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیمیں منظوری کے مراحل میں ہیں،اسی طرح این اے129میں سوا5کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ سے عوامی مسائل حل کیے جائیں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ این اے129کے مختلف علاقوں میں سیوریج،پی سی سی اور سڑکوں کی کارپیٹنگ کے کام ترجیحی بنیادوں پر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ، واسااور لاہور میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کو مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی تاکہ ترقیاتی کاموں کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔عبدالعلیم خان نے بتایا کہ بستی سیدن شاہ،میاں میر کالونی، قاسم پورہ اور شاہ جمال سمیت مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دھرمپورہ،گوندی پیر، جناح پارک اور احاطہ مول چند میں بھی ترقیاتی کام پائپ لائن میں ہیں۔انہوں نے جائزہ اجلاس میں ہدایت کی کہ سرکاری فنڈز کی ایک ایک پائی سوچ سمجھ کر استعمال کی جائے،ترقیاتی کاموں کو معیار ی اور عوامی خواہشات کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر این اے129اور پی پی157اور158کے تمام علاقوں کے لئے یکساں اہمیت کے حامل ہیں جن کا مقصد شہریوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو مختلف کو آرڈینیٹرز نے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کے حوالے سے آگاہ کیا اور اب تک مکمل ہونے والے پراجیکٹس کی تفصیلات بتائیں۔
 

 

تبصرے