سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے میو اور سروسز ہسپتال کے دورے،ڈائلسز وارڈز کی تزئین و آرائش کرینگے
سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے میو اور سروسز ہسپتال کے دورے،ڈائلسز وارڈز کی تزئین و آرائش کرینگے
دونوں ہسپتالوں میں گردوں کے مریضوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں بہم پہنچائیں گے: گفتگو
عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن فنڈز فراہم کرے گی، نئے بیڈز و ڈائلسز مشینیں نصب کی جائیں گی
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے میو اور سروسز ہسپتال کے دوروں کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ان دونوں ہسپتالوں میں ڈائلسز کے مریضوں کے لئے اپنی طرف سے وارڈز کی تزئین و آرائش کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن میو ہسپتال اور سروسز ہسپتال کی ڈائلسز وارڈز کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنائے گی، وہاں جدید مشینیں نصب کی جائیں گی اور نئے بیڈز کے علاوہ ضروری ساز و سامان بھی مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی فلاح و بہبود اور سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے عام لوگوں کو سہولت بہم پہنچانا ہے۔ عبدالعلیم خان نے بتایا کہ اُن کی فاؤنڈیشن مختلف فلاحی منصوبوں میں سرگرم عمل ہے جن کے لئے کسی اور ادارے سے فنڈنگ نہیں کی جاتی بلکہ اس کار خیر کے لئے وہ خود تمام رقوم مہیا کرتے ہیں۔ اس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کوٹ لکھپت جیل میں اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ والدین سے محروم بچیوں کے لئے رہائشی و تعلیمی اقامت گاہیں بھی لاہور میں کام کر رہی ہیں۔عبدالعلیم خان نے میو ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں ڈائلسز وارڈز کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے فاؤنڈیشن کے سیکرٹری بریگیڈئیر (ر) خالد بشیر کو ہدایات دیں۔انہوں نے دونوں ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان سے بھی تفصیلی بریفنگ لی اور انہیں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا اس تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اسے بالخصوص ڈائلسز کے مریضوں کے لئے بہت بڑی خوش خبری قرارد یا۔اپنی گفتگو میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ذ مہ داری ہے اور حکومت کے علاوہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے تمام مخیر حضرات کو اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن مختلف ہسپتالوں میں پہلے ہی فلاحی منصوبے چلا رہی ہے اور اب اس میں ڈائلسز وارڈز کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں