اپوزیشن نے اینٹی منی لانڈرنگ بل مسترد کر کے قومی مفاد پس پشت ڈالا:عبدالعلیم خان
اپوزیشن نے اینٹی منی لانڈرنگ بل مسترد کر کے قومی مفاد پس پشت ڈالا:عبدالعلیم خان
ذاتی مفادات رکھنے والے بے نقاب،ایسے ہتھکنڈے عمران خان کو مرعوب نہیں کر سکتے
عوام اپوزیشن کی ایسی منفی سیاست کی ہرگز حمایت نہیں کرے گی:سینئر وزیر پنجاب کا ٹوئٹ
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سینٹ میں ایف ا ے ٹی ایف بل کا مسترد ہونا افسوسناک اور ملکی سیاست کے لیے لمحہ فکریہ ہے،اپوزیشن نے اینٹی منی لانڈرنگ کی آئین سازی میں ساتھ نہ دے کر نہ صرف قومی مفاد کو پس پشت ڈالا ہے بلکہ ثابت کیا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں اور اقتدار کی باریاں لینے والوں کے نزدیک پاکستان کے تحفظ اور سا لمیت کی کوئی اہمیت نہیں اور نہ ہی انہیں عالمی برادری میں قومی تشخص کی کوئی پرواہ ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنما درحقیقت این آر او نہ ملنے پر اپنے اراکین کو استعمال کر رہے ہیں اور بالخصوص سینٹ میں اس اہم ترین آئین سازی پر جس غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہ انتہائی معنی خیز اور سنجیدہ معاملہ ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایسے سیاسی ہتھکنڈوں سے عمران خان جیسے لیڈر کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا،کوئی کچھ بھی کر لے وزیر اعظم کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے اور نہ ہی اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں گے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عوام بھی اپوزیشن کی ایسی منفی سیاست کی ہرگز حمائیت نہیں کریں گے،بہتر ہوگا کہ اپوزیشن رہنما سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کریں اور کم از کم قومی سلامتی کے امور پر اپنا وہ کردار ضرور ادا کریں جس کا جمہوری نظام اُن سے تقاضا کرتا ہے ورنہ وہ عوام میں اپنی رہی سہی ساکھ بھی کھو بیٹھیں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ2برسوں میں ماضی کے 30برسوں کی کرپشن سامنے آ چکی ہے جس کو چھپانے کے لئے اپوزیشن جماعتیں اکٹھے ہونے جا رہی ہیں لیکن با شعور عوام اب اُن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں