ایمرجنسی صورتحال میں شہریوں کو ریسکیوکرنے والے حقیقی ہیرو ہیں:سینئر وزیر عبدالعلیم خان


ایمرجنسی صورتحال میں شہریوں کو ریسکیوکرنے والے حقیقی ہیرو ہیں:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

سینئر وزیر کی 32ویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت، شعبوں کا معائنہ

ریسکیو1122کا پودا 16سال میں تن آور درخت بن چکا ہے،شہریوں کو تحفظ ملتا ہے:خطاب

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایمرجنسی صورتحال میں شہریوں کوریلیف فراہم کرنے اور انہیں ریسکیو کرنے والے جوان ہم سب کے حقیقی ہیرو ہیں جو اپنی جانیں داؤ پر لگا کر دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریسکیورز کا انتخاب انسانیت کی خدمت کے عظیم مقصد کے لئے ہوتا ہے اور ایسے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کے سپوت ملک و قوم کی اس جرات مندانہ انداز میں خدمت کرتے ہیں اور مشکل حالات میں لوگوں کی جانیں بچا کر بزرگوں اور ماؤں کی دعائیں لے سکیں۔
ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 242ریسکیورز کی 32ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ2004میں اُس وقت کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی حکومت کا ریسکیو1122کا اجراء اہم کارنامہ تھا جس حکومت کا وہ بھی حصہ تھے۔انہوں نے کہا کہ ان16برسوں میں یہ پودا تن آور درخت بن چکا ہے اور اب اس کا نیٹ ورک تحصیل کی سطح پر موجود ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایسی سروسز سے عام شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھتا ہے اور ہم سب بلا شبہ اس شعبے پر رشک اور فخر کر سکتے ہیں۔سینئر وزیر نے ریسکیو1122کو مزید سہولتیں بہم پہنچانے اور اُن کے مسائل کے حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایسی خدمات کا دائرہ کار جس قدر ہو سکے وسیع ہونا چاہیے تاکہ ہر علاقے میں لوگوں کو ان سروسز سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے۔
عبدالعلیم خان نے ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر کے ہمراہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ریسکیورز کی طرف سے پانی، آگ، کنویں اور منہدم ہونے والی عمارتوں میں دی جانے والی ایمرجنسی سروسز دیکھیں۔ انہوں نے تیراکوں اور غوطہ خوروں کے ذریعے شہریوں کو بچانے اور اونچی عمارتوں سے جمپ لگانے کے مظاہرے بھی دیکھے اور ریسکیو افسران، ریسکیورز اور تربیتی ٹیم کے جذبے کو سراہا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم سلما ن غنی،پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عظیم لکھوی،242ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز اور اُن کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیوسروسز1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ اب تک 19ہزار کیڈٹس عملی تربیت حاصل کر چکے ہیں جبکہ کورونا کے ماحول میں ان نوجوانوں نے بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دیگر صوبوں اور شہروں سے بھی اس اکیڈمی میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جاتی ہے جبکہ یہ اکیڈمی واحد ادارہ ہے جسے سارک کی سطح پر 2018میں اس کے معیار کے لحاظ سے تسلیم کیا گیا ہے۔اس موقع پر کیڈٹس سے حلف بھی لیا جبکہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی عبدالعلیم خان کوسلامی پیش کی گئی اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔


تبصرے