پنجاب حکومت سے کم قیمت پر گندم خرید کر آٹا سمگل کرنے والی فلور ملز سیل کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت سے کم قیمت پر گندم خرید کر آٹا سمگل کرنے والی فلور ملز سیل کرنے کا فیصلہ

کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو رعائت نہ کی جائے، سینئر و وزیر خوراک کی انتظامیہ کو ہدایات

آٹے پر سبسڈی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیے:عبدالعلیم خان کا بہاولپور و ملتان کا دورہ

 سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب حکومت سے کم نرخوں پر گندم خرید کر آٹا سمگل کرنے یا پرائیویٹ طور پر مہنگے داموں بیچنے والی فلور ملز کا سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے اور کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو اُس سے کسی قسم کی کوئی رعائت نہ برتی جائے اورفلور مل انتظامیہ کیخلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملز سے تفصیلی مشاورت کے بعد 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت860روپے مقرر کی گئی،اسی طرح صوبے بھر کی فلور ملز کو یکساں طور پر سرکاری گندم کی ریلیز عمل میں لائی گئی اور پسائی اور دیگر معاملات پر بھی باہمی صلاح مشورے سے فیصلے کیے گئے اور اب ان اقدامات کے بعد کوئی جواز باقی نہیں بچتا کہ اس سستے آٹے کو کسی دوسرے صوبے یا شہر میں غیر قانونی طور پر منتقل کرکے ناجائز منافع خوری کی جائے۔عبدالعلیم خان نے اپنے دورہ بہاولپور و ملتان میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران کو احکامات جاری کیے کہ وہ مشترکہ حکمت عملی اپناتے ہوئے فوری کاروائیوں کا آغاز کریں اور خلاف ورزی کی مرتکب فلور ملز کی نشاندہی کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی کا ریلیف عام آدمی تک پہنچائیں گے اور اس ضمن میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس وقت 95فیصد علاقوں میں 20کلو آٹے کا تھیلا860روپے اور 10کلو کا 430روپے میں وافر مقدار میں میسر ہے اور اس آٹے کی فروخت ہر دوکاندار پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے فوڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں نکلیں اور فلور ملز کی ورکنگ کا موقع پر جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اس سلسلے میں واضح ہدایات ہیں کہ عام شہری کو آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے اسی لیے انہوں نے مختلف اضلاع کے دوروں کا فیصلہ کیا ہے اور وہ آئندہ مرحلے میں فیصل آباد،گوجرانوالہ اور سیالکوٹ بھی جائیں گے۔سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کو بہاولپور اور ملتان میں ڈویژنل انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی طرف سے گندم و آٹے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں 860روپے میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے اور کہیں کوئی قلت نہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور وہاں کی صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی پنجاب اور کے پی کے کی طرز پر فلور ملوں کو سستے داموں گندم کی فراہمی شروع کریں تاکہ ملک بھر میں آٹے کا ایک ہی نرخ طے ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی مصنوعی قلت کا تعلق قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے ہے جیسے ہی آٹے کا ٹرک رحیم یار خان سے سندھ میں داخل ہوتا ہے اُس کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹے کے ساتھ ساتھ چینی کی ایکس مل قیمت میں توازن لانے کے لئے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ فلور ملز سے مشاورت کی طرح چینی کی قیمتوں کا بھی تعین کیا جائے۔عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنے بہاولپور اور ملتان کے دورے میں واضح اہداف دے دیے ہیں اب کہیں محکمہ خوراک یا انتظامیہ کی طرف سے غفلت کا مظاہرہ ہوا تو سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔سینئر و وزیر خوراک نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ماہانہ 5ارب روپے کی خطیر رقم سستے آٹے کے لئے سبسڈی پر خرچ کر رہی ہے اور اس کے بعد فلور ملز کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خوراک اگلے ہفتے چینی کی قیمت کے لئے بھی مشاورت شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے مل مالکان سے اپیل کی کہ وہ عوام الناس سے منافع کی شرح میں کمی اختیار کریں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی فلور ملز کو سبسڈائزڈ نرخوں پر گندم کی فراہمی شروع ہو چکی ہے، سندھ حکومت کو بھی وہاں کے عوام پر رحم کرنا چاہیے اور فلور ملز کو کم نرخوں پر گندم فراہم کر کے پنجاب پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا چاہیے۔

تبصرے