راوی ریور فرنٹ منصوبہ پنجاب بھر کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
راوی ریور فرنٹ منصوبہ پنجاب بھر کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
عمران خان کا ویژن خوشحال اور مستحکم پاکستان،کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری خوش آئند ہے
عبدالعلیم خان کی طرف سے کوٹ لکھپت جیل میں 1200پھلدار پودے لگا دیے گئے
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ راوی ریور فرنٹ منصوبہ صرف لاہور شہر ہی نہیں پنجاب بھر کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس میں شامل درجنوں الائیڈ پراجیکٹ صوبے کی خوشحالی اور عالمی معیار کی ترقی کی نوید لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن خوشحال اور مستحکم پاکستان ہے جس کے لئے وہ تمام تر مشکلات کے باوجود دن رات کوشا ں ہیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کریڈٹ ریٹنگ میں استحکام حاصل کرنا خوش آئند امر ہے جس کے ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔اتوار کے روز پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز مشکلا ت سے نکل کر ترقی کے دھارے پر چل پڑا ہے،پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کرے گی اور وزیر اعظم عمران خان جو مضبوط اعصاب کے مالک اور دھن کے پکے ہیں ملک کو صحیح معنوں میں خود انحصار بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کی طرف سے شروع کردہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ماحول میں بہتری لاکر آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ اُن کی طرف سے ہزاروں پھلدارپودے لگائے جائیں گے جبکہ صرف کوٹ لکھپت جیل میں 1200پھلدار درخت اب تک عطیہ کیے جا چکے ہیں۔ اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مشکل دور گزر چکا ہے اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں ملک و قوم کے لئے اچھی خبریں آئیں گی لیکن ملک گیر حقیقی تبدیلی کے لئے ہر شہری کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے لوگوں کے مسائل سنے اور اُن کے جلد حل کر یقین دلایا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں