سینئر و وزیر خوراک کے احکامات پر عملدرآمد، انٹری پوائنٹس پر دودھ کی مربوط لیب چیکنگ

 

سینئر و وزیر خوراک کے احکامات پر عملدرآمد، انٹری پوائنٹس پر دودھ کی مربوط لیب چیکنگ

شہری دو منٹ میں لیب رپورٹ لے سکتے ہیں، ایک ہفتے میں ڈویژنل ہیڈکوآرٹر پر بھی اجراء

سینئر ووزیر خوراک کا ملک ٹیسٹنگ ڈیسک کا افتتاح، سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے دودھ کی ٹیسٹنگ لیبز نے کام شروع کر دیا ہے جو لاہور شہر کے 6انٹری پوائنٹس پر شہریوں کو سہولت فراہم کریں گے جہاں کوئی بھی شخص دو منٹ میں کسی معاوضے کے بغیر دود ھ کی ٹیسٹنگ رپورٹ حاصل کرے گا۔آئندہ ایک ہفتے میں پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوآرٹرز پر بھی اس سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا۔اس پہلی لیب کا افتتاح سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے یہاں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں کیا جہاں خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان خوراک کے شعبے میں شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے لئے اپنا مانیٹرنگ نظام بھی تشکیل دے رہے ہیں تاکہ کسی رورعائیت کے بغیر سخت ترین چیکنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اپنے تھوڑے سے ذاتی مفاد کی خاطر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کسی بھی رعائیت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کھانے پینے کی اشیاء کے لئے سخت سے سخت قوانین اور اُن پر بھرپور عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی جیسے ادارے شہریوں کے لئے چیک اینڈ بیلنس کا کام کرتے ہیں،یہ انتہائی ذمہ داری کا شعبہ ہے اور اس اتھارٹی میں کام کرنے والوں کا اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس کرتے ہوئے ہمہ وقت چوکنا رہنا چاہیے۔سینئر وو زیر خوراک نے کہا کہ بد قسمتی سے ملاوٹ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کسی نہ کسی شکل میں جاری رہتی ہے اور بعض اوقات اچھا نام رکھنے والے برینڈ بھی اس کوتاہی کے مرتکب دکھائی دیتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے فوڈ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی کسی کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر تمام شعبوں میں بلا تفریق کاروائیاں یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر کھانے پینے کی اشیاء کی مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی،کوکنگ آئل، دودھ اور کھانے پینے کی ضروری اشیاء کا حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہونا ضروری ہے جس کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ اقدامات یقینی بنانا ہوں گے۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارتی کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک وسیع ہونا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس ادارے کا فائدہ پہنچ سکے۔
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی میں ملک ٹیسٹنگ ڈیسک کا افتتاح کیا، انہیں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کی طرف سے ادارے کی کارکردگی اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ عبدالعلیم خان نے اتھارٹی کے افسران میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے اور اُن کی کارکردگی کو سراہا۔چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ، سیکرٹری فوڈ اسد الرحمان گیلانی اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔



تبصرے