سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مختلف شہروں میں کاروائیاں تیز
سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مختلف شہروں میں کاروائیاں تیز
فوڈ پوائنٹس،بیکریاں اور اشیائے خوردونوش تیار کرنے والے ادارے سیل، موقع پر ایکشن لیا گیا
ملاوٹ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں اور یہ کسی رعائیت کے مستحق نہیں:عبدالعلیم خان
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف شہروں میں کاروائیاں تیز کر دی ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد ڈویژن میں مختلف جگہوں پر فوڈ پوائنٹس، بیکریوں اور اشیائے خوردونوش تیار کرنے والے مقامی اداروں کی کڑی چیکنگ کی گئی ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے،غفلت کا ارتکاب اور حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف کام کرنے والے اداروں کے خلاف موقع پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں سیل کر دیا گیا،بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھاکہ ملاوٹ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں،ایسے عناصر کسی رعائیت کے مستحق نہیں اوران کے خلاف قانون کے تحت سخت سے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اس ضمن میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں او رعام دنوں کے علاوہ اتوار کو تعطیل کے باوجود بالخصوص ناشتے اور روائتی کھانوں کے مراکز پر چھاپے مارے جائیں گے اور زائد المعیاد اور ناقص اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کی بیخ کنی کی جائے گی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ صوبے بھر میں پنجا ب فوڈ اتھارٹی کی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اور اس ضمن میں کسی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور نہ ہی کہیں کوئی نرمی برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دودھ،کوکنگ آئل،بیکری آئٹمز اور کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کا معیاری ہونا بہت ضروری ہے جس سے عام شہری کی صحت اور زندگی متاثر ہوتی ہے،اسی مقصد کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو زیادہ با اختیار بنایا جا رہا ہے اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں بالخصوص صوبے کے بڑے شہروں میں تیزی سے زیادہ سے زیادہ کاروائیاں یقینی بنائی جائے گی۔
سینئر و وزیر خوراک پنجاب کی ہدایت پر جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،وہاڑی، لودھراں،فیصل آباد،لاہور اور ملتان کے مختلف علاقوں میں ٹیموں نے چھاپے مارے اور مروجہ قوانین کی خلاف ورزی پر موقع پر کاروائی کرتے ہوئے مختلف فوڈ چین،بیکریز اور ہوٹلز کو سیل کر دیا گیا،جاری پروڈکشن کو بند کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔اس ضمن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو اپنی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کر رہی ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں