کورونا کے بعد زندگی جلد معمول پر آنے کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے:عبدالعلیم خان


کورونا کے بعد زندگی جلد معمول پر آنے کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے:عبدالعلیم خان

ملک میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئیں، عالمی ادارہ صحت نے بھی ہمارے اقدامات کو سراہا

قومی قیادت مضبوط ہے اور چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے:سینئر وزیر پنجاب

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال سے نکلنے کے بعد معمولات زندگی کا جلد بحال ہونے کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے جن کی دور اندیشانہ سوچ نے ملک کو کامیابی سے ہمکنار کیا،وہ صوبوں کو ساتھ لے کر چلے اور کورونا جیسی عالمی وبا پر ایسی حکمت عملی اختیار کی جس کا اعتراف عالمی ادارہ صحت سمیت مختلف ملکوں نے بھی کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دیگرممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں جلد شروع ہوئی ہیں،ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے اور تمام کاروبار تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ سمیت معاشی انڈیکس بہتری دکھا رہے ہیں اور ملک میں دن بدن استحکام سامنے آ رہا ہے اور لوگوں کو ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔
اپنی خصوصی گفتگو میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے تمام شعبوں میں موثراور دیرپا اقدامات اٹھائے ہیں اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی پالیسی پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس سمیت سرکاری اخراجات میں واضح کمی لائی گئی ہے،حکومت کفائیت شعاری اور بچت کو اپنا شعار بنا رہی ہے،وزیر اعظم عمران خان ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانا چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے سادگی کا آغاز اپنے آپ سے کیا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہا ہے اور اُن کی یہ سوچ مثبت پالیسی کے ساتھ ملک کو تیزی سے آگے بڑھائے گی۔ سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگیا ہے کہ موجودہ ملکی قیادت چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی لا پرواہی نہ برتیں اور حفاظتی اقدامات اپنا کر حکومتی کاوشوں کا ساتھ دیں۔

تبصرے