فیٹف بل کی منظوری اہم سنگ میل، وزیر اعظم اور اراکین اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں:عبدالعلیم خان


فیٹف بل کی منظوری اہم سنگ میل، وزیر اعظم اور اراکین اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں:عبدالعلیم خان

اپوزیشن نے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اپنایا، حساس معاملات پر سیاست افسوسناک ہے:سینئر وزیر پنجاب

اپوزیشن جماعتوں کو ایک مرتبہ پھر سبکی ہوئی،اُن کا اصل چہرہ کھل کر عوام کے سامنے آ گیا:گفتگو


سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری اہم سنگ میل ہے،اب مستقبل میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردی پر قابو پانے میں بڑی مدد ملے گی،اس کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان اور پارلیمنٹ کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اپنے رد عمل میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپوزیشن نے قومی معاملات میں ایک مرتبہ پھر غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا، ایسے حساس ملکی ایشوز پر سیاست کرنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ اپوزیشن میں موجود قومی رہنما اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے اور حکومت کے شانہ بشانہ ان قوانین کی منظوری میں حصہ لیتے جن کا تعلق نیشنل سکیورٹی اور سنجیدہ معاملات سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے طرز عمل سے اپوزیشن جماعتوں کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا اور اُن کا اصل چہرہ کھل کر عوام کے سامنے آ گیا۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئین سازی کی آڑ میں ذاتی مفادات کا تحفظ کسی کو زیب نہیں دیتا،پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کو جمہوری تقاضوں کے مطابق آئین سازی میں حصہ لینا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب حقائق کا آئینہ دار ہے،وہ کسی دباؤمیں آئیں گے اور نہ ہی کسی کو این آر او دیں گے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر مطلوبہ آئین سازی کر کے موجودہ حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں اور ملک کو محفوظ بنانے راہ ہموار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ بھی موجودہ حکومت قومی معاملات پر ایسے ہی کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی اور پاکستان کے قومی تقاضوں کے مطابق اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔

تبصرے