اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک ملکی نہیں ذاتی مفادات کیلئے تھی:سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان


اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک ملکی نہیں ذاتی مفادات کیلئے تھی:سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان

عوام بخوبی جانتے ہیں کہ صرف کرپشن کے ایک نقطے نے ان سب کو اکٹھا ہونے پر مجبور کر دیا

ایسی سرگرمیوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، مدت پوری کریں گے: عبدالعلیم خان کاتبصرہ

 سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیٹھک ملک نہیں ذاتی مفادات کے لئے تھی،عوام بخوبی جانتے ہیں کہ صرف اور صرف کرپشن کے ایک نقطے نے ان سب کو اکٹھا ہونے پر مجبور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ مناسب ہوتا کہ حزب اختلاف کسی قومی ایجنڈے پر مثبت تجاویز پیش کرتی لیکن انہیں حکومت کی خرابیاں تلاش کرنے اور خود کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے علاوہ کسی معاملے سے کوئی دلچسپی نہیں۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ ایسی سرگرمیوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں مدت پوری کریں گے اور ملک کو درست ٹریک پر ڈال کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت اپوزیشن عمران خان کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہے،انہوں نے ملک کو بین الاقوامی سطح پر جو مقام دلایا ہے وہ اپوزیشن کو قابل قبول نہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر دیکھ لیا کہ عمران خان کا بیانیہ کیسے درست ثابت ہوا ہے اورقومی دولت لوٹنے والے ایک ہی چھت تلے اکٹھے ہو گئے ہیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے،کسی کو این آر او نہیں ملے گا، سیاسی مخالفین ناکام رہیں گے اور موجودہ حکومت کامیابی سے آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شامل جماعتیں خود ایک دوسرے سے مخلص ہیں اور نہ ہی ان کی سمت واضح ہے لہذا یہ جلد ہی باہمی اختلافات کا شکار ہو جائیں گے اور یہ بیل منڈے نہیں چڑھے گی۔


تبصرے