آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی احساس پروگرام کے ڈیٹا کے مطابق ہوگی:سینئر وزیر عبدالعلیم خان


آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی احساس پروگرام کے ڈیٹا کے مطابق ہوگی:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

ضرورت مند لوگوں کے لئے آٹے کی قیمت مزید کم کی جائے گی،تھیلے کا رنگ سبز ہوگا

نئے نظام میں 40لاکھ گھرانوں کے اڑھائی کروڑ لوگ مستفید ہوں گے:اجلاس میں بریفنگ

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی محکمانہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آٹے پر سبسڈی کو ٹارگٹڈکیا جائے تاکہ ضرورت مند لوگوں کے لئے آٹے کی قیمتوں میں واضح اور خاطر خواہ کمی لائی جائے۔اس سلسلے میں آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے لئے سفارشات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ہر شہری کو سبسڈی والے آٹے کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں صرف ضرورت مند لوگوں کو سبسڈی والا آٹا فراہم کیا جائے گا جس کے لیے احساس پروگرام کے ڈیٹا سے مدد لی جائے گی اور اس اقدام سے آٹے کی قیمت میں مزید کمی لائی جا ئے گی جس سے شہریوں کو مزید ریلیف ملے گا۔عبدالعلیم خان نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے لئے مربوط سفارشات تیار کریں تاکہ اس معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کو حتمی بریفنگ دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی کے لئے شہریوں کیلئے مربوط نیٹ ورک بنایا جائے گا اور اس آٹے کا تھیلا سبز رنگ کا ہو گا تاکہ سبسڈی والا آٹا صرف مستحق لوگوں تک پہنچے۔عبدالعلیم خان نے بتایا کہ نئے نظام میں صوبہ پنجاب کے 40لاکھ گھرانوں کے اڑھائی کروڑ لوگ اس سبسڈی سے مستفید ہوں گے اور انہیں سستے آٹے کی فراہمی پر خاطر خواہ بچت ہو گی۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ محکمہ خوراک میں گندم کی خرید، سٹاک موجود رکھنے اور فلور ملز کو گندم کی فراہمی کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی لائی جا رہی ہے اور حکومت کے پاس گندم صرف ہنگامی حالات کے لئے سٹاک کے طور پر موجود ہوگی جس سے صوبائی حکومت پر اربوں روپے کے بوجھ کی بچت ہوگی اور چاولوں کی طرح گندم کیلئے بھی اوپن مارکیٹ کا رحجان فروغ پائے گا۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹری و ڈائریکٹر فوڈ نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے نئے نظام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اوپن ٹینڈرنگ کے ذریعے فلور ملز کا انتخاب عمل میں لایا جائے گاجبکہ محکمہ خوراک کے ساتھ ضلعی انتظامیہ مل کر ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے لئے کام کرے گی،فلور ملز بلا تعطل سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گی او ر شہریوں کو اُن کی ضرورت کے مطابق وافر مقدار میں سبسڈی والا آٹا مل سکے گا۔



تبصرے