بڑے شہروں کیلئے انسپیکشن ٹیموں میں اضافے سمیت پنجاب فوڈ اتھارٹی کو سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت


بڑے شہروں کیلئے انسپیکشن ٹیموں میں اضافے سمیت پنجاب فوڈ اتھارٹی کو سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

ملاوٹ اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف موثر کاروائیاں کریں:عبدالعلیم خان

کسی سے کوئی رعائیت نہ برتیں،ڈو یژنل ہیڈ کوآرٹرزکیلئے ری سٹرکچنگ کی جائے:اعلیٰ سطحی اجلاس

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں بڑے شہروں کے لئے انسپیکشن ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، بالخصوص کھانے پینے کی اشیاء کے لئے مانیٹرنگ سخت کی جائے گی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔اس امر کا فیصلہ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں اتھارٹی کے چیئرمین عمر تنویر بٹ اور ڈائریکٹر جنرل عرفان میمن موجود تھے۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملاوٹ اور ناقص اشیاء کی فروخت کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو کسی قسم کی رعائیت نہیں ملنی چاہیے،صوبے کے بڑے شہروں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ،ملتان اور بہاولپور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنے آپریشنز تیز کرے،ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہوں تاکہ عام شہریو ں میں اشیائے خوردونوش کے حوالے سے تحفظ کا احساس فروغ پائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ڈویژنل ہیڈ کو آرٹرز کے لئے اپنے افسران اور عملے کی ری سٹرکچنگ کرے اور مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت کسی کو اپنے ذاتی مفاد کے لئے دوسروں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپنی سرگرمیاں اپ گریڈ کرنی چاہئیں اور ایک سے زائد مرتبہ ملاوٹ میں پکڑے جانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانی چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنی کاروائیوں کی میڈیا میں بھی باقاعدہ تشہیر کرے تاکہ لوگوں میں آگاہی اور ملاوٹ کے دھندے میں ملوث عناصر کی سرکوبی ہو سکے۔
اجلاس میں سینئرو وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل عرفان میمن نے بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبے بھر میں ورکنگ پر روشنی ڈالی اور مختلف مسائل کی بھی نشاندہی کی۔


تبصرے