وطن عزیز پر جانیں قربان کرنے والوں کو ساری قوم سلام پیش کرتی ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
وطن عزیز پر جانیں قربان کرنے والوں کو ساری قوم سلام پیش کرتی ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
بری،بحری اور فضائیہ کے جوان ہمارے ہیرو اور ماتھے کا جھومر ہیں،ہر پاکستانی اُن کے ساتھ ہے
شہادت کے عزم سے سرشار افواج پاکستان کے جذبے کو کسی طورکبھی بھی شکست نہیں دی جا سکتی
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 55سال قبل ثابت ہو گیا تھا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پر جانیں قربان کرنے والوں کو ساری قوم سلام پیش کرتی ہے،1965کی جنگ میں افواج پاکستان کے جوانوں نے جو لا زوال داستانیں رقم کیں اُن کی یاد آج بھی تاز ہ ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بری،بحری اور فضائیہ کے جوان ہمارے قومی ہیرو اور ماتھے کا جھومر ہیں، ہر پاکستانی اُن کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ عددی اکثریت کے باوجود دشمن کے دانت کھٹے کرنے اور اپنے جسموں سے بم باندھ کر ٹینکوں کے نیچے لیٹنے والوں نے ثابت کیا کہ جوش اور جنون کا کوئی نعم البدل نہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ 6ستمبر یوم دفاع اور 7ستمبر یوم فضائیہ وطن عزیز کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں اور آج ہر پاکستانی اس عہدکا اعادہ کرتا ہے کہ اگر کبھی کڑا وقت آیا تو ہم سب افواج پاکستان کے ہمراہ دشمن کے مقابلے کیلئے سینہ سپر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کا ایٹمی پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور دشمن کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں پاکستان مزید مضبوط اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر سامنے آئے گا۔یوم دفاع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو باہمی اتحاد، یگانگت اور قومی واحدت کے ساتھ آگے بڑھنے کا عہد کرنا چاہیے اور اس مادر وطن کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں