سروسز ہسپتال کیلئے 36ڈائلسز مشینوں کا عطیہ، نئے سیٹ اپ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب


 سروسز ہسپتال کیلئے 36ڈائلسز مشینوں کا عطیہ، نئے سیٹ اپ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب

منزلہ ڈائلسز یونٹ میں مریضوں کے مفت ڈائلسزہونگے:پرنسپل محمود ایاز،بریگیڈئیر خالد بشیر

نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ میں بھی تزئین و آرائش و نئی مشینیں لگیں گی،ہسپتال انتظامیہ کا اظہار تشکر

  سروسز ہسپتال میں 36نئی اور جدید ڈائلسز مشینوں کے سیٹ اپ کے لئے 2منزلہ یونٹ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب میں پرنسپل پروفیسر محمود ایاز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فلاحی اقدامات دنیاوی اور اخروی کامیابی کا باعث ہوتے ہیں اور عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے سروسزہسپتال کے لئے کروڑوں روپے کے عطیے سے سینکڑوں مریض ماہانہ مستفید ہو ں گے اور اس ادارے کے روح رواں عبدالعلیم خان اور اُن کے والدین کے لئے دعا گو ہوں گے۔ پرنسپل پروفیسر محمود ایاز نے بتایا کہ ڈائلسز کا یہ نیا شعبہ نہ صرف مریضوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کرے گا بلکہ اُن کے ساتھ آنے والے اٹینڈنٹس کی میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دے گا اور فاؤنڈیشن کی طرف سے اس شعبے میں کام کرنے والے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی جس کے لئے آج سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ کی تعمیر کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خالد بشیر نے بتایا کہ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر اس منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ ایک ماہ میں اسے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کے بعد ڈائلسز کے مریضوں کو مفت او ر جدید طبی سہولتوں کی بلا امتیاز فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر افتخار احمد نے مخیر حضرات کی طرف سے تعاون کو سراہا۔نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر زاہد رفیق نے مشینوں کے عطیے پر عبدالعلیم خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے یقین دلایا کہ اُن کے ڈیپارٹمنٹ کو مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپ گریڈ کیا جائے گا۔فاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹریٹرباسم یوسف، سی ایف او اے ڈی مغل اور اُسامہ نعمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔


تبصرے