سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا سردار ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت رد عمل


سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا سردار ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت رد عمل

"تہمت لگا کر ماں پہ جو دشمن سے داد لے۔۔۔ایسے سخن فروش کومر جانا چاہیے "

دشمن کی خوشنودی کیلئے افواج پاکستان کو متنازعہ بنانے والے ہر گز قابل قبول نہیں

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے سردار ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں دشمن ملک کی خوشنودی اور پاکستان اور فوج کے خلاف مہم جوئی قابل مذمت ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ ایاز صادق بھی اپنے لیڈر نواز شریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی اداروں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں اسی لیے انہوں نے ایسی گھناؤنی حرکت کی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایاز صادق کے بیان سے ہر محب وطن شہری کو تشویش لاحق ہے اور اُن کے بارے میں صرف یہی کہا جا سکتا ہے"تہمت لگا کر ماں پہ جو دشمن سے داد لے۔۔ایسے سخت فروش کو مرجانا چاہیے۔"
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ دراصل نواز لیگ میں فوج کے خلاف سازشیں کرنے اور بڑھ چڑھ کر وطن دشمنی کے بیان دینے کا مقابلہ چل رہا ہے، ایسا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل انتہائی شرمناک ہے، قوم ان گھناؤنے چہروں کو پہچان چکی ہے جو اپنے ذاتی مفادات کے لئے قومی سلامتی کو بھی داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ ایاز صادق کسی ذمہ دارانہ عہدے کے قابل نہیں تھے وگرنہ وہ سابق سپیکر ہونے کے ناطے ایسی گری ہوئی حرکت نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قومی اداروں کو متنازعہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں،پاکستان کو بیرونی دشمنوں کی بجائے ایاز صادق جیسے اندرونی خطرات لاحق ہیں جو قومی اداروں پر کیچڑ اچھال کر اپنی اصلیت چھپانا چاہتے ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہر شہری یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ کیوں ایاز صادق کو پاکستان سے زیادہ دشمن ملک کی فکر کھائے جا رہی ہے اسی لیے کلبھوشن یادیو کے لئے نرم گوشہ رکھنے والے ابی نندن سے بھی دوستی نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایاز صادق بھارت اور بھارتی میڈیا کو خوش کرنے میں کامیاب رہے ہیں جس پر اُن کے لئے افسوس اور شرمندگی کا ہی اظہار کیا جا سکتاہے۔






تبصرے