سندھ نے فلور ملز کو گندم کا ایک دانہ بھی ریلیز نہیں کیا،تمام تر بوجھ پنجاب پر ہے:عبدالعلیم خان
سندھ نے فلور ملز کو گندم کا ایک دانہ بھی ریلیز نہیں کیا،تمام تر بوجھ پنجاب پر ہے:عبدالعلیم خان
صرف پنجاب گندم ریلیز کر رہا ہے، ماہانہ سوا 5ارب روپے سبسڈی دے رہے ہیں:سینئر وزیر
سندھ حکومت بے حس ہو چکی، غریب آدمی کی مشکلات کا احساس نہیں،یہ ملک بھر سے دشمنی ہے
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تاحال فلور ملز کو سرکاری طور پر گندم کا ایک دانہ بھی ریلیز نہیں کیا،گندم کی سرکاری سپلائی کا تمام تربوجھ صرف اور صرف پنجاب کے صوبے پر ہے جبکہ گزشتہ2ماہ سے آٹے کا تھیلا860روپے پر رکھنے کے لئے 1475روپے فی من گندم دے رہے ہیں اوراس ضمن میں ماہانہ سوا5ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ صوبے میں آٹے کی قیمتوں کو کم رکھا جا سکے۔
اپنی خصوصی گفتگو میں سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف پنجاب حکومت سرکاری طور پر سبسڈی والی گندم ریلیز کر رہی ہے جبکہ پنجاب میں آٹے کا 20کلو کا860روپے کا ملنے والا تھیلا کراچی میں 1400روپے کا فروخت ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے بس سندھ حکومت مکمل طور پر بے حس بھی ہے اور یہ صرف سندھ کے عوام سے دشمنی نہیں بلکہ پاکستان بھر سے دشمنی کے مترادف ہے۔ سینئر ووزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے لئے ضروری ہے کہ ملک بھر میں گندم کی یکسا ں ریلیز پرائس ہو تاکہ شہریوں کو ہر جگہ ایک ہی قیمت پر آٹا میسر ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ اگر سندھ بھی فلور ملز کو 1475روپے فی من پر گندم کی ریلیز کرے تو آٹے کی قیمتوں میں کمی ہو جائے گی کیونکہ پنجاب سے دوسرے صوبوں کو گندم و آٹا جانے سے صورتحال خراب ہوتی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور شہریوں کو گندم و آٹے کی فراہمی کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں البتہ سندھ حکومت اس سلسلے میں انتہائی غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کا سارا دباؤ پنجاب کے صوبے پر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب ملک بھر کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا اور گندم و آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے ملک بھر میں فلور ملز کو یکساں سرکاری گندم کی ریلیز ضروری ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں